لینڈر، ثانیہ، روہن کی سکنڈ راؤنڈ میں رسائی

نیویارک ، یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ٹینس اسٹارز لینڈر پیئس، ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا نے یو ایس اوپن میں کامیاب شروعات کرتے ہوئے اپنے متعلقہ پارٹنرز کے ساتھ سکنڈ راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ یہاں فلشنگ میڈوز میں انھیں متضاد نوعیت کی کامیابیاں ملیں۔ مسکڈ ڈبلز میں ڈیفنڈنگ چمپینس پیئس اور سوئس اسٹار مارٹینا ہنگز امریکہ کے حریفوں ساشیا وکری اور فرانسیس تیافو کے مقابل محض 51 منٹ میں 6-3، 6-2 سے کامیاب ہوگئے۔ ویمنس ڈبلز میں ساتویں سیڈ جوڑی ثانیہ اور اُن کی چیک پارٹنر باربورا استریکوا نے امریکی حریفوں جڈا مائی ہارٹ اور اینا شیباہارا کو فرسٹ راؤنڈ میچ میں ایک گھنٹہ اور نو منٹ میں 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ روہن اور ڈنمارک کے فریڈرک نیلسن کی مینس ڈبلز جوڑی بھی سکنڈ راؤنڈ میں پہنچی مگر انھیں جدوجہد کرنا پڑا جیسا کہ 16 ویں سیڈز چیک ریپبلک کے راڈک اسٹپانک اور سربیائی نیناڈ زیمونچ کے مقابل جیت کے اسکور 6-3، 6-7(3)، 6-3 سے ظاہر ہوتا ہے۔ روہن کی جوڑی کا اب امریکہ کے برائن بیکر اور نیوزی لینڈ کے مارکوس ڈانیل سے مقابلہ رہے گا۔