لینن ملبوسات اور موسم سرما

فیشن ایک ایسا میدان ہے جس پر ہر عمل موثر ہوتا ہے۔ چاہے و قدرتی ہو یا تراشیدہ۔ مگر بدلتے موسم کے ساتھ ملبوسات بھی بدل جاتے ہیں۔ ان کے رنگ ان کے انداز تک بدل جاتے ہیں۔ اس ضمن میں کبھی نئی تخلیقات فیشن کے متوالوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں اور کبھی متروک فیشن ماضی کے جھروکوں کو پھلانگ کر جدت میں اپنی جگہ بنالیتا ہے یعنی وہی پرانا انداز ایک نئی صورت میں واپس آجاتا ہے۔ اسی طرح جہاں گرمیوں میں مہین اور نازک لباس زیب تن کئے جاتے ہیں، وہیں سردیوں میں بھاری اور گرم ملبوسات خواتین کی پسند بنتے ہیں، لیکن سردی اور گرمی کے علاوہ بھی دیگر موسم ہیں جن میں نہ تو گرم ملبوسات زیب تن کئے جاسکتے ہیں اور نہ ہی مہین اور نازک لباس۔ یہ وہ موسم ہوتا ہے جب سردی یا گرمی یا تو رخصت ہورہی ہو یا پھر اس کی آمد ہورہی ہو مگر یہ سب یک لخت نہیں ہوتا۔ موسم دھیرے دھیرے بدلتے ہیں۔ اس تبدیلی کی فضاء کو ہم دھیمے موسم سے بھی تعبیر کرسکتے ہیں جب نہ گرمی کا زور ہوتا ہے اور نہ ہی سردی کا۔ یہ موسم اپنے مزاج کے ملبوسات کا متقاضی ہوتا ہے۔ آج کل بھی دھیما موسم ہے۔ اس موسم میں خواتین زیادہ تر لینن کے ملبوسات کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ اس موسم میں لینن کے ملبوسات ہی جسم و جاں کو سکون بخشتے ہیں۔ لینن کے ملبوسات بے شمار رنگوں میں دستیاب ہیں جن کو آپ اپنی شخصیت کے مطابق منتخب کرسکتی ہیں اور اپنی پسند کی تراش خراش کرواکے گھر اور باہر دونوں جگہ استعمال کرسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ انتخاب ایسا ہوکہ جو آپ کی شخصیت پر جچے اور آپ کے حسن و وقار میں اضافے کا سبب بنے۔

آلو کے مٹر بھرے کوفتے
اجزاء :آلو : ایک کلو ،مٹر : آدھا کلو ،سرخ مرچیں : (پاؤڈر) ذائقے کے مطابق ،گرم مسالہ : آدھا چمچ ،ہری مرچیں : 6 یا 8 عدد ،نمک : اندازے کے مطابق ،ادرک : 2 انچ کا ٹکڑا ،پیاز : ایک گٹھی ،انڈے : دو عدد ،پودینہ یا ہرادھنیا ،کھٹائی، گھی تلنے کیلئے،میدہ یا ڈبل روٹی کا چورا

ترکیب :آلو کو اچھی طرح اُبال کر چھیل لیں پھر نمک اور لال مرچ کا پاؤڈر اور کھٹائی ملاکر اچھی طرح مسل لیں۔ تھوڑے سے گھی میں مٹر تل لیں۔ اگر سخت ہوں تو پانی کا چھینٹا دے کر گلا لیں۔ پھر اس میں نمک، کتری ہوئی پیاز، ہرا مسالہ اور ادرک شامل کردیں۔ آلو کے مٹر بھرے کوفتے بناتے وقت بیچ میں مٹر کا آمیزہ بھریں۔ اسے پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبوکر میدے یا ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹیں، کبابوں پر سے فالتو میدہ یا چورا ہلاکر نکال دیں اور اسی طرح سارے کباب بناکر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں تاکہ خشک ہوجائیں پھر انہیں تھوڑے تھوڑے گرم گھی میں تلیں۔