لیبیا کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے روکا جائے : فرانس

این جیمانا ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی وزیر دفاع ایس لی ڈرین نے بین الاقوامی برادری سے خواہش کی کہ وہ لیبیا کو دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانہ نہ بننے دیں۔ لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر و معمر قذافی کو معزول کرنے اور بعدازاں ان کی ہلاکت کے بعد لیبیا میں اب طاقتور ملیشیا کا راج ہے جہاں ہتھیاروں کا بے دریخ استعمال ہورہا ہے۔ یہاں تک کہ حکومت کے خلاف حریف حکومتیں اور پارلیمنٹ بھی قائم کردی گئی ہے۔ لی ڈرین نے انتباہ دیا کہ لیبیا میں صورتحال انتہائی خطرناک ہوچکی ہے کیونکہ جن علاقوں کو دہشت گردوں نے اپنی پناہ گاہ بنا رکھا ہے، وہ علاقے یوروپ سے بہت قریب ہیں۔ چاڈ کے دارالخلافہ این جیمانا میں فرانسیسی افواج کے ایک بیس میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے محفوظ ٹھکانو ںکا اس طرح عالم وجود میں آنا اور اس پر بین الاقوامی برادری کا خاموشی اختیار کرلینا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا اب یہ لیبیا کے پڑوسیوں اور بین الاقوامی برادری کا فرض ہیکہ وہ لیبیا کو تباہی سے بچائیں تاکہ ملک کے حالات کو مستحکم کیا جاسکے۔