لڑکیوں کی شادی معاشرے کا اہم مسئلہ

آج کے اس ترقی کے دور میں جبکہ لڑکیاں بھی لڑکوں کے شانہ بہ شانہ چل رہی ہیں ، والدین بھی صرف ان کی تعلیم اور کریئر کے بارے میں سوچتے ہیں اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق کریئر کی تلاش میں ہی سرگرداں رہنے دیتے ہیں اور ان کی شادی کو بعد کیلئے رکھ چھوڑتے ہیں، لیکن جب ان کی شادی کا خیال آتا ہے تب تک ان کی عمر گذر چکی ہوتی ہے۔

لڑکیوں کی شادی ہمارے معاشرہ کا ایک اہم مسئلہ ہے جسے حل کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ موجودہ دور میں تعلیم یافتہ لڑکیوں کیلئے اچھے لڑکوں کو تلاش کرنا جوئے شیر لانے کے برابر ہوگیا ہے۔ آج ہر کوئی خوبصورت، پڑھی لکھی اور کم عمر لڑکی کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیتا ہے۔ لیکن اعلیٰ تعلیم یافتہ بے شمار لڑکیاں ہمارے معاشرے میں موجود ہیں لیکن وہ اپنے لئے مناسب رشتے کے انتظار میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ عورت سے اس کے دین، مال اور خوبصورتی کی وجہ سے شادی کی جاتی ہے، تم پر لازم ہے کہ دین والی کو ترجیح دو۔ جو بچے بالغ ہوتے ہی بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اپنی پسند کو اپنے والدین کی پسند پر مقدم جانتے ہیں وہ گھاٹے کا سودا کرتے ہیں۔ والدین ہمیشہ اپنے بچوں کا بھلا ہی چاہتے ہیں اور رشتہ ازدواج کے لئے لڑکا، لڑکی دونوں کی باہمی رضامندی ان کیلئے بھی اولیت رکھتی ہے کہ زندگی دونوں کو ساتھ گذارنی ہے۔