لڑکیوں کو دینی علوم سے آراستہ کرنا قابل ستائش

اوٹکور۔یکم جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع کے منڈل اوٹکور میں جامعہ عائیشہ سلفیہ کے کیلنڈر کی رسم اجرائی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت مہمان خصوصی مولانا عبدالوحید بندگی سابق ناظم اعلیٰ ضلعی جمعیت اہلحدیث محبوب نگر نے کی جبکہ اس تقریب میں جناب مقبول احمد امیر مقامی جمعیت اہلحدیث گدوال اور ڈاکٹر محمد خلیل گدوال نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جامعہ عائیشہ سلفیہ کی طالبہ منیرہ بیگم کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا اور اس کے بعد جامعہ کی طالبات نے مختلف عنوانات پر سیر حاصل تقاریر کی ۔ مولانا عبدالوحید بندگی سابق ناظم اعلیٰ نے صدارتی خطاب میں کہا کہ قرآن مجید ایک انقلابی کتاب ہے جس میں سراسر ہدایت موجود ہے ۔ موصوف نے بلسلسہ خطاب میں جامعہ عائیشہ سلفیہ کے طالبات کی تقریری صلاحیتوں سے متاثر ہوکر جامعہ عائیشہ کی بھرپور ستائش کی ۔ اس جامعہ میں خصوصاً لڑکیوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے پر کمیٹی مدرسہ کی زبردست سراہنا کی اور جامعہ عائیشہ کو محبوب نگر ضلع کا ایک منفرد و معیاری درسگاہ قرار دیا ۔ اس موقع پر مومنا عبدالقیوم عمریؔ نے کہا کہ مجھے بڑی مسرت ہوئی کہ لڑکیوں کو دینی علوم سے آراستہ کرنے یہ جامعہ عائیشہ سلفیہ اچھا کام کررہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے ۔ اس موقع پر اجلاس میں جناب ڈاکٹر ایم اے رحیم پاشاہ گدوال نے استقبالیہ رپورٹ پیش کی ۔ شہ نشین پر محمد شکیل گدوال ‘ محمد صادق مسطر ‘ عبدالرشید گدوال ‘ جناب محمد ضمیر علی ‘ امرچنتہ ‘ جناب محمود میاں نیڑگڑتی کے مرد و خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ اس اجلاس کی کارروائی مولانا محمد شریف فیضیؔ خطیب و امام مسجد یکمینار اہلحدیث اوٹکور نے بحسن خوبی چلائی اور شرکت افراد کو اور مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔