لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ، تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے کا مشورہ

اوپن یونیورسٹی حسینی علم ڈگری کالج اسٹڈی سنٹر کی تقریب ، جناب مرزا فرید علی بیگ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اسٹڈی سنٹر گورنمنٹ ڈگری و پی جی کالج حسینی علم کی سالانہ تقریب 28 مارچ کو زیر صدارت جناب مرزا فرید علی بیگ کوآرڈینٹر سنٹر ہذا منعقد ہوئی ۔ جس میں سنٹر ہذا میں زیر تعلیم طالبات کی کثیر تعداد شریک رہی ۔ تقریب کا آغاز سال دوم کی طالبہ مس اسماء النساء کی قرات کلام پاک اور مس عرشیہ بیگم (سال سوم ) ، شاہین بیگم اور اسماء النساء ( سال دوم ) کی طالبات کی نعت شریف سے ہوا ۔ کنوینر تقریب جناب محمد نیر اعظم اردو کونسلر نے جلسہ کی کارروائی بحسن و خوبی چلائی ۔ قبل ازیں کنوینر نے طالبات کو تاثرات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا تو سال آخر کی طالبہ مس یاسمین بیگم ، آمنہ اور اسماء النساء ( سال دوم ) نے انگلش اور اردو میں اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کوآرڈینٹر سنٹر ہذا جناب مرزا فرید علی بیگ کی زیر نگرانی بہترین اور تعلیم یافتہ تجربہ کار اساتذہ کی سہولت فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا اور مزید کہا کہ شفیق اساتذہ کی رہبری و رہنمائی کے باعث انہیں ان کے تابناک اور روشن مستقبل کے لیے جس انداز سے تعلیم کا موقع فراہم کیا وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ انہیں آگے کی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب حاصل ہوئی ہے ۔ اس موقع پر طالبات نے اپنے سلسلہ تعلیم کو جاری رکھنے کا عزم کیا ۔ بعد ازاں جناب محمد نیراعظم نے طالبات کو اصلاح معاشرہ ، آگے کی تعلیم ، پی جی ، بی ایڈ اور بی پی ایڈ اور دیگر کورسیس میں داخلے اور تابناک مستقبل سے متعلق مفصل بیان کیا ۔ جناب محمد خواجہ مخدوم محی الدین کونسلر اردو نے فاصلاتی اور روایتی تعلیم میں مماثلت اور آگے کے تعلیمی مواقع کے علاوہ تعلیمی رہبری پر خطاب کیا ۔ جب کہ جناب محمد ناظم الدین عرفان کونسلر پولیٹیکل سائنس نے بھی تعلیمی ذرائع وسائل کے علاوہ پی جی و بی ایڈ اور دیگر کورس کے فوائد جب کہ محمد عبدالقدیر کونسلر پبلک اڈمنسٹریشن نے بھی یونیورسٹی میں تعلیمی مواقعوں ، اوپن یونیورسٹی ڈگری کے بعد دیگر تعلیمی مواقعوں پر خطاب کیا ۔ مسٹر این نریندر کونسلر پبلک اڈمنسٹریشن نے شفیق طالبات کے ساتھ اچھے تعلیمی ماحول اور والدین کی تعظیم اور دیگر امور کا احاطہ کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مس ایم سنیتا نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں جناب مرزا فرید علی بیگ صدر تقریب و کوآرڈینٹر سنٹر ہذا نے اپنے صدارتی خطاب میں اساتذہ کی خدمات کی سراہنا کی اور طالبات کے لیے تابناک اور روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور آئندہ تعلیمی سال سے کامرس اور سائنس کورسیس شروع کرنے کا بھی عزم کیا ۔ ان سے قبل جناب محمد عرفان خاں نے تعلیمی سرگرمیوں اور اوپن یونیورسٹی اسٹیڈی سنٹر کے قیام سے تاحال داخلوں اور تعداد پر مشتمل رپورٹ پیش کیا اور طالبات کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہوئے آگے بھی تعلیمی سلسلہ کوجاری رکھنے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مسٹر محمد عارف نے شکریہ ادا کیا ۔ اور آخر میں مس ثمینہ بیگم نے سلام پیش کیا ۔ جس کے ساتھ ہی تقریب اختتام کو پہنچی ۔۔