لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ و دست درازی ‘ دو گرفتار

حیدرآباد ۔ /5 جنوری (سیاست نیوز) لڑکیوں سے دست درازی کے الزام میں سائبر آباد پولیس نے دو نوجوانوں کو نربھئے ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس کے بموجب 35 سالہ سیول انجنیئر سرینواس راجو آج صبح پٹیل کنٹہ پارک سے اپنی موٹر سائیکل پر گزر رہا تھا کہ ایک تنہا لڑکی کو دیکھ کر اس سے چھیڑ چھاڑ کی اور بعد ازاں اسے بوسہ لینے کی کوشش کی جس پر لڑکی نے چیخ و پکار کی اور مقامی افراد نے اسے پکڑ لیا ۔ سرینواس کو فوری پولیس کے حوالے کردیا گیا

اور لڑکی نے اس کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جس پر نربھئے ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں آٹو ڈرائیور 25 سالہ یادگیری کو میرپیٹ پولیس نے اپنی خالہ زاد بہن سے دست درازی پر گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرگتی نگر کا ساکن یادگیری اپنی خالہ زاد بہن سے اس وقت دست درازی کرنے کی کوشش کی جب وہ اپنے مکان میں تنہا تھی ۔ حالانکہ یہ واقعہ /2 ڈسمبر کو پیش آیا لیکن آج لڑکی کی شکایت پر نربھئے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیا گیا ۔