لوک سبھا کے فوری بعد اسمبلی انتخابات کرانے عمرعبداللہ کا مطالبہ

سرینگر31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر اور نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ نے آج کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے جلد انعقاد کی حمایت کی ہے اور اِس بات کی اُمید ظاہر کی ہے کہ ریاست کے عوام مخلوط حکومت سازی کے برعکس کسی واحد پارٹی کو اقتدار عطا کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق چیف منسٹر نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے اختتام کے محض دو تین ہفتے کے بعد ہی اسمبلی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔ چونکہ اِس موقع پر خاطر خواہ سکیورٹی فورسیس دستیاب رہیں گے۔ واضح رہے کہ ریاست میں 19 مئی کو لوک سبھا انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو عمل میں آئے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے پاس یہ ایک بہترین موقع ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد اور سالانہ منعقد ہونے والے امرناتھ یاترا سے پہلے کے درمیان اسمبلی انتخابات منعقد کرلئے جائیں۔ اس طرح ہمارے پاس جون کا مکمل مہینہ انتخابی عمل کے لئے دستیاب ہوگا۔ بعدازاں جولائی کے پہلے ہفتے سے امرناتھ یاترا کا آغاز ہوجائے گا۔