لوک سبھا کیلئے 78 خاتون ارکان منتخب

نئی دہلی ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں پہلی مرتبہ کثیر تعداد میں خواتین منتخب کی گئی ہیں۔ ایوان زیریں میں آئندہ چند دن کے دوران رکنیت کا حلف لینے والے 542 نومنتخب نمائندوں میں 78 خواتین شامل رہیں گی۔ اترپردیش اور مغربی بنگال سے فی کس 11 خواتین منتخب ہوئی ہیں۔ ملک بھر میں 724 خاتون امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا ۔کانگریس نے سب سے زیادہ 54 اور اس کے بعد بی جے پی نے 53 خواتین کو امیدوار کی حیثیت سے نامزد کیا تھا۔ 16 ویں لوک سبھا کیلئے 64 اور 15 ویں لوک سبھا کیلئے 52 خواتین منتخب ہوئی تھیں۔ بشمول سونیا گاندھی، ہمامالینی، کرن کھیر 27 خاتون ارکان نے نئی لوک سبھا میں بھی اپنی نشست پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔