لوک سبھا کیلئے کانگریس امیدواروں کو اس ہفتہ قطعیت

مرکزی اسکریننگ کمیٹی کی جانب سے دونوں ریاستوں کے قائدین کی طلبی

نئی دہلی 30 مارچ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں تلنگانہ اور سیما آندھرا میں لوک سبھا کیلئے کانگریس اس ہفتہ اپنے امیدوار کی فہرست کو قطعیت دے گی ۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں آندھرا پردیش سے کانگریس کے 33 امیدوار منتخب ہوئے تھے۔ آندھرا پردیش سے کانگریس امیدواروں کے انتخاب سے متعلق اسکریننگ کمیٹی کے سربراہ اور مرکزی وزیر وائیلار روی نے اس بات کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا کے قائدین کو مشاورت کیلئے اس ہفتہ دہلی طلب کیا جائے گا اور امیدوار حکمراوں کو سخت مقابلے در پیش ہے۔ سیما آندھرا میں میں جہاں کانگریس تنہا مقابلہ کررہی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کے زیر قیادت تلگودیشم اور جگن موہن ریڈی کے زیر قیادت وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے دشوار کن چیلنج در پیش ہے۔

علاوہ ازیں سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی سے بھی کانگریس کو شدید دباو کا سامنا ہے۔ کرن ریڈی نے آندھرا پردیش کی تقسیم کیلئے مرکز کے فیصلہ کے خلاف بطور احتجاج چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوتے ہوئے کانگریس چھوڑ کر ’’جئے سمکھیا آندھرا پارٹی‘‘ قائم کیا تھا۔ تلنگانہ میں کانگریس نے اگرچہ حیرت انگیز طور پر سی پی آئی سے انتخابی مفاہمت کی ہے اس کے باوجود بھی کانگریس کو راحت نہیں مل سکی کیونکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی سے مقابلہ اس کے لئے آسان نہیں ہوگا۔ 2004 اور 2009 کے عام انتخابات میں بہترین مظاہرہ نے مرکز میں کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت کے قیام کو یقینی بنایا تھا ۔ مرکز کے علاوہ ریاست میں بھی کانگریسہی گذشتہ 10 سال سے برسر اقتدار ہے ۔ آندھرا پردیش میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات بیک وقت منعقد ہورہے ہیں۔