لوک سبھا کیلئے قسمت آزمانے والوں میں 724 خواتین بھی شامل

۔100 خاتون امیدوارو ںکیخلاف قتل ، اقدام قتل اور دیگر فوجداری مقدمات

4 زنخے بھی اپنی سیاسی قسمت کے فیصلے کے منتظر

نئی دہلی۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب سارا ملک لوک سبھا انتخابی نتائج جاننے کیلئے بے چینی سے انتظار کررہا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی کے بارے میں شکوک و شبہات اور دیگر تنازعات کے درمیان ووٹوں کی گنتی جمعرات کی صبح 8 بجے شروع ہوجائے گی۔ لوک سبھا 543 کے منجملہ 542 حلقوں کیلئے 8,049 امیدوار میدان میں تھے، جن میں 724 خواتین بھی شامل ہیں اور کل شام تک ان کے مقدر کا فیصلہ منظر عام پر آجائے گا۔ کانگریس نے سب سے زیادہ 54 خاتون امیدوار نامزد کی تھی جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دوسرے مقام پر ہے جس کے 53 خاتون امیدوار اتاری گئی تھیں۔ دیگر قومی جماعتوں میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی 24، آل انڈیا ترنمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) کی 23، سی پی آئی ایم کی 10، سی پی آئی کی 4 اور نیشنل کانگریس پارٹی کی ایک خاتون امیدوار شامل ہے۔ دیگر تقریباً 222 خواتین آزاد امیدواروں کی حیثیت سے مقابلہ کررہی ہیں۔ 4 زنخہ آزاد امیدواروں کی حیثیت سے مقابلہ کررہے ہیں، البتہ عام آدمی پارٹی (عآپ) وہ واحد جماعت ہے جس نے کسی زنخہ کو اپنا امیدوار نامزد کی ہے۔ اترپردیش میں سب سے زیادہ یعنی 194 خاتون امیدوار مقابلہ کررہی ہیں جس کے بعد مہاراشٹرا ہے جہاں 86خاتون امیدوار ہیں۔ ٹاملناڈو کے 64 ، بہار سے 55 اور مغربی بنگال سے 54 خاتون امیدوار میدان میں ہیں۔ 100 خاتون امیدواروں کے خلاف مجرمانہ اور فوجداری مقدمات بھی زیرسماعت ہیں، ان میں 13 کا تعلق بی جے پی سے اور 10 کا کانگریس سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق 78 یعنی 11% خاتون امیدوار اپنے خلاف انتہائی سنگین فوجداری مقدمات کا سامنا کررہی ہیں۔ دو خاتون امیدوار مختلف مقدمات میں مجرم قرار دی جاچکی تھیں۔چار خواتین قتل اور دیگر 16 اقدام قتل کے مقدمہ میں ملزم ہیں اور 14 خاتون امیدوار خود خواتین کے خلاف مظالم سے متعلق مقدمات کا سامنا کررہی ہیں۔ چند خاتون امیدواروں کے خلاف بعض خواتین سے رضامندی حاصل کئے بغیر زبردستی حمل ساقط کرانے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ 7 خاتون امیدواروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزامات کے تحت مقدمات چلائے جارہے ہیں۔ کانگریس کی خاتون امیدواروں میں اثاثوں کا فی کس اوسط 18.84 کروڑ روپئے اور بی جے پی امیدواروں میں فی کس 22.09 کروڑ روپئے ہے۔