لوک سبھا ٹی وی کوریج دانستہ روکا گیا: اپوزیشن

نئی دہلی ۔ 18 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپنی نوعیت کے پہلے اور پرتجسس واقعہ میں لوک سبھا ٹی وی کی نشریات آج اُن 90 منٹ کیلئے مسدود ہوگئیں ، جب متنازعہ تلنگانہ بل کو ایوان میں منظور کیا جارہا تھا، جس پر اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے جنہوں نے اسے جمہوری اصولوں کی تخریب قرار دیا۔ تقریباً سہ پہر 3 بجے جیسے ہی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے اس بل کو غور و خوض کیلئے پیش کرتے ہوئے بولنا شروع کیا ، لوک سبھا ٹی وی پر ایوان کی کارروائی کا لائیو کوریج یکایک رک گیا۔

لوک سبھا ٹی وی چینل پر یہ پیام دکھایا گیا کہ ’’ایوان ملتوی کیا گیا‘‘۔ تاہم یہ حقیقت نہیں تھی کیونکہ ایوان کے اندرون کارروائی جاری تھی۔ کچھ دیر بعد پیام تبدیل ہوا کہ ’’لوک سبھا سے راست نشریات تھوڑی دیر میں‘‘ لیکن کوریج کا احیاء ہوا ہی نہیں اور اس دوران بل کو منظور کرلیا گیا اور ایوان 90 منٹ کی کارروائی کے بعد ملتوی کردیا گیا ۔ اپوزیشن لیڈر سشما سوراج نے کہا کہ ’’ہم لوک سبھا کی کارروائی کے کوریج کو مسدود کرنے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ یہ ہمیں اطلاع دیئے بغیر کیا گیا۔ ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ اقدام تلنگانہ بل کی بند دروازوں میں منطوری کے مترادف ہے۔ بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد نے سوال اٹھایا کہ آیا حکومت اس قدر خائف تھی کہ لائیو کوریج کو روک دیا گیا۔