لوک سبھا نتائج کے سی آر کے غرور کی شکست: اتم کمار ریڈی

کانگریس حقیقی متبادل،راہول گاندھی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کے سی آر کے غرور اور تکبر کو عوام نے شکست دی ہے۔ ٹی آر ایس نے فخر کے ساتھ 16 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا تھا لیکن عوام نے اسے سبق سکھایا ہے ۔ گاندھی بھون میں نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کے وینکٹ ریڈی اور ریونت ریڈی کے علاوہ جانا ریڈی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو تین نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور دو حلقوں میں معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے دولت اور شراب کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرتے ہوئے اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عوام نے ٹی آر ایس کو بہتر سبق سکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے اسمبلی انتخابات میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ۔ جس کے نتیجہ میں عوام ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی تکمیل کیلئے کانگریس پارلیمنٹ میں جدوجہد کرے گی۔ بیارم اسٹیل پلانٹ اور قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ ویاگن فیکٹر کے قیام کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ تلنگانہ کے کسی ایک پراجکٹ کو قو می پراجکٹ کا درجہ حاصل کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز سے تلنگانہ کو حاصل ہونے والے حقوق کے بارے میں جدوجہد میں کے سی آر ناکام ہوچکے ہیں ۔ کانگریس کے تین ارکان پارلیمنٹ پوری شدت کے ساتھ تلنگانہ کے مفادات کی تکمیل کیلئے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے گی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل صرف کانگیس ہے۔ بی جے پی تلنگانہ میں مضبوط نہیں ہوگی اور چار نشستوں پر اس کی کامیابی محض اتفاق اور قسمت کا کھیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے عوام نے بی جے پی کو ووٹ دیا۔ تلنگانہ میں سیکولر نظریات کا غلبہ ہے اور بی جے پی کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی اپنے کارکنوں کے دکھ درد میں شامل رہے گی ۔ انہوں نے راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ استعفیٰ کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلیں، کیونکہ ہمیں ان کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے والے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا ۔