لوک سبھا انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز

نئی دہلی ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں 16ویں لوک سبھا کیلئے طویل ترین 9 مراحل پر مشتمل انتخابی عمل کا رسمی طور پر آج صدرجمہوریہ کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی آغاز ہوگیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے بہار کے 6 حلقوں میں 10 اپریل کو رائے دہی کا اعلامیہ آج جاری کیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے روانہ کردہ شیڈول کی بنیاد پر یہ سفارش صدرجمہوریہ سے رجوع کی تھی۔ آندھراپردیش، اوڈیشہ، اروناچل پردیش اور سکھم میں اسمبلی انتخابات کیلئے متعلقہ ریاستوں کے گورنر علحدہ اعلامیہ جاری کریں گے۔ لوک سبھا کیلئے پہلے اعلامیہ کا تعلق تیسرے مرحلہ کی رائے دہی سے ہے جو 10 اپریل کو ہوگی۔ بعض انتظامی وجوہات کی بناء جیسے 22 مارچ کو بہار میں تعطیل منائی جارہی ہے جس لئے 10 اپریل کی رائے دہی کے تعلق سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

دوسرا اعلامیہ جمعہ کو جاری کیا جائے گا جس میں 7 اپریل کو پہلے مرحلہ کی رائے دہی کا احاطہ کیا جائے گا۔ 15 مارچ ہفتہ کو 18 ریاستوں میں پھیلے ہوئے 93 حلقوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا جہاں 9 اور 10 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ اس دوران الیکشن کمیشن نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں عوام کو حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے 2 گھنٹوں کا زائد وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے رائے دہی کے اوقات میں دو گھنٹے توسیع کے منصوبے کو قطعیت دے دی ہے۔ نکسلائیٹس سے غیرمتاثرہ علاقوں میں رائے دہی 7 بجے صبح شروع ہوگی اور یہ 6 بجے تک جاری رہے گی۔ نکسلائیٹس سے متاثرہ علاقوں میں رائے دہی کے اوقات صبح 7 بجے تا 4 بجے دن ہوں گے۔ اسی طرح پہاڑی علاقوں میں رائے دہی صبح 7 بجے سے 6 بجے شام تک رہیں گی۔ ذرائع کے مطابق اس تعلق سے الیکشن کمیشن عنقریب اعلامیہ جاری کرے گا۔ اس وقت رائے دہی سے استفادہ کا وقت 9 گھنٹے ہے اور اب اسے بڑھا کر 11 گھنٹے کیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کا یہ احساس ہیکہ انتخابات موسم گرما میں ہورہے ہیں اس لئے رائے دہندگان شام کے وقت جب موسم کسی قدر ٹھنڈا رہے گا، حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے پولنگ بوتھ پہنچ سکتے ہیں۔