لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں 66.63 فیصد رائے دہی

نئی دہلی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رائے دہندوں کی زیادہ تعداد میں آمد لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی خصوصیت رہی جن میں 95 انتخابی حلقوں کا احاطہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مرکز زیرانتظام علاقے جیسے پڈوچیری اور منی پور شامل تھے۔ سرینگر کی نشست پر صرف 8 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ مہاراشٹرا کے علاوہ باقی تمام ریاستوں میں رائے دہی کا اوسط اچھا تھا۔ پڈوچیری میں 80.47 فیصد رائے دہی ہوئی۔ سینئر نائب الیکشن کمشنر امیش سنہا نے کہا کہ دہلی میں بحیثیت مجموعی دوسرے مرحلہ کی رائے دہی میں 66.63 فیصد رائے دہندوں نے حصہ لیا۔ اکادکا واقعات کے علاوہ جو مغربی بنگال میں پیش آئے رائے دہی کا دوسرا مرحلہ پرامن رہا۔ ای وی ایم مشینوں میں کسی قسم کی رکاوٹ کی شکایت وصول نہیں ہوئی۔ 769 کنٹرول سنٹر اور 2766 وی وی پی اے ٹی مشینیں تبدیل کی گئیں۔ نیم فوجی فورسیس کو عوام کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔