لوک سبھا انتخابات میں ’’قابل فخر گجرات ‘‘بی جے پی کا نعرہ

احمد آباد 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ رائے دہندوں کو لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اعظم ترین تعداد میں نشستوں پر کامیاب کرنے کی ترغیب دینے کیلئے ’’قابل فخر گجرات‘‘کا نعرہ لگایا جائے ۔ بی جے پی کے ترجمان ہرشد پٹیل نے کہا ہیکہ پارٹی آج سے انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے ۔ عوام تک رسائی حاصل کر کے اُن سے درخواست کی جائے گی کہ ملک کے امکانی وزیر اعظم کی حیثیت سے مودی کی تائید کریںتا کہ وہ گجرات کیلئے قابل فخر شخصیت ثابت ہوسکے ۔حالانکہ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں متاثر کن کامیابی حاصل کی ہے لیکن لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو کانگریس کے ساتھ سخت مسابقت درپیش ہیں۔ 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے 14 اور کانگریس نے 12 نشستیں گجرات سے حاصل کی تھیںجہاں جملہ نشستیں 26 ہیں۔ 2009 میں کانگریس کو 11 اور بی جے پی کو 15 نشستیں حاصل ہوئی۔ 2002،2007 اور 2012 کے اسمبلی انتخابات میں عوام نے بی جے پی کو زبردست اکثریت سے کامیابی دلوائی تھی۔