لنگر حوض میں مندر کے دو پجاریوں میں جھگڑا

مندر کی رقم ، زیورات اور اراضی پر تنازعہ ، پولیس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : مندر کے غلہ کی رقم اور جائیداد کا تنازعہ دو پجاریوں کے درمیان تصادم کا سبب بن گیا۔ جہاں پوجا پاٹ کو چھوڑ کر پجاری ایک دوسرے پر حملے کر بٹھے اور معاملہ لنگر حوض پولیس سے رجوع ہوگیا ۔ انسپکٹر لنگر حوض مسٹر رتنم نے بتایا کہ دونوں پجاریوں کی شکایتیں وصول کرلی گئیں ہیں ۔ تاہم پولیس ابتدائی تحقیقات کے مرحلہ میں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ پجاری کملیش اور موجودہ پجاری بلور داس نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کروائی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کملیش نامی پجاری لنگر حوض سنگم کی مندر میں پجاری تھا ۔ اور پوجا پاٹ کے علاوہ مندر سے متعلق غلہ اور اراضیات و زیورات اس کی نگرانی میں تھے کئی سال قبل وہ غلہ کی رقم کے علاوہ اراضیات اور زیورات کا غبن کر گیا تھا ۔ ان الزامات کے بعد پجاری کملیش کو ہٹادیا گیا اور وہ اپنے آبائی وطن بہار چلا گیا تھا ۔ تاہم گذشتہ دنوں وہ پھر حیدرآباد پہونچا اور شمس آباد کے کسی علاقہ میں رہنے لگا تھا اور اس پجاری کملیش پر الزام ہے کہ اس نے ان اراضیات کو فروخت کرنے کی کوشش میں تھا جو مندر کے نام پر ہے اور خود کو اسی سنگم کی مندر کا پجاری ظاہر کررہا تھا ۔ تاہم اسکی کوششوں میں بلور داس رکاوٹ پیدا کررہا تھا جو موجودہ پجاری ہے ۔ آج کملیش پجاری سنگم کی مندر پہونچا اور بلور داس پر حملہ کردیا ۔ پولیس ان الزامات اور حملہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے مصروف تحقیقات ہے ۔۔