لبنان کے راکٹ حملوں پر اسرائیل کی جوابی کارروائی

ماریون (لبنان)۔ 29؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر شلباری کی بوچھار کردی جب کہ 2 کٹیوشا ساختہ راکٹس اسرائیل کے ایک کھلے میدان میں گرپڑے۔ اسرائیلی عہدیداروں کی اطلاع کے بموجب یہ حملے اسرائیل اور لبنان دونوں کے غیر آباد علاقوں میں کئے گئے جس کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ دونوں ممالک کے سرکاری عہدیداروں کے بموجب اسرائیلی سرزمین سے لبنان کی سرزمین پر ارقوب کے مقام سے 20 اسرائیلی شیل داغے گئے۔ قبل ازیں آج صبح اسرائیل پر لبنان کی سرزمین سے راکٹ حملے کئے گئے تھے۔ لبنانی فوج کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل کی شلباری 2 کٹیوشا ساخت کے لبنان سے راکٹ حملہ پر جوابی کارروائی تھی جن میں سے ایک قصبہ کیریات شمونا کے کھلے میدان میں گرپڑا تھا۔

اسرائیلی فوجی ریڈیو کے بموجب اسرائیل توپ خانہ نے راکٹ حملوں پر جوابی کارروائی کی، تاہم کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ ایسے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جو غیر آباد تھے۔ اسرائیل فوج کے ترجمان نے کہا کہ لبنانی فوجیوں نے 16 دسمبر کو سرحد کے قریب کار میں سفرکرنے والے ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کردیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ لبنان کے ساتھ اسرائیل کی سرحد 2006ء کی اسرائیل۔ حزب اللہ جنگ کے بعد پُرسکون تھی۔ اگست 2010ء میں 2 لبنانی فوجیوں نے حملہ کرکے ایک اسرائیلی فوجی اور ایک صحافی کو ہلاک کردیا تھا۔ 4 اسرائیلی فوجی ماہ اگست میں لبنان کی سرزمین کے اندر تقریباً 400 میٹر کے فاصلہ پر ایک دھماکہ سے زخمی ہوگئے تھے۔ اس دھماکہ کی ذمہ داری حزب اللہ نے قبول کرلی ہے۔