لاہور کی شدید بارش میں مہلوکین کی تعداد 15 ہوگئی

لاہور ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ 38 سالوں میں پاکستان کے شہر لاہور میں اتنی بارش کبھی نہیں ہوئی جتنی اب ہورہی ہے جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی ہے۔ یاد رہیکہ موسلادھار بارش کا سلسلہ پاکستان کے پنجاب صوبہ میں گذشتہ دو دنوں سے جاری ہے جہاں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (NDMA) نے کل ایک بیان دیتے ہوئے کہاکہ شدید بارش کا سلسلہ منگل سے جاری ہے اور 24 گھنٹوں کی لگاتار بارش نے شہریوں کو حواس باختہ کردیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں برقی شاک لگنے اور عمارتوں کے انہدام سے ہوئی ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق شہر کے نشیبی علاقے اب بھی زیرآب ہیں جبکہ صوبہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بڑی بڑی سڑکیں اور شاہراہیں زیرآب ہیں۔ 15 ہلاکتوں کے علاوہ 50 افراد زخمی ہوئے جبکہ بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں ایک مکان بھی بہہ گیا۔ ٹھہرے ہوئے پانی کو پمپ سے نکالنے کا کام زوروشور سے جاری ہے تاکہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں نالوں کی صفائی بھی کی جارہی ہے۔ لاہور میں اب تک 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو گذشتہ 38 سالوں میں پہلی بار ہوا ہے۔