لاہور کی خواتین شام جا کر دولت اسلامیہ میں شامل

لاہور۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے درالحکومت لاہور میں پولیس نے تین خواتین کے ایک درجن سے زیادہ بچوں سمیت شام جا کر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ میں شامل ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کر دی ہے۔ ان افراد کے اغوا کی ایف آئی آر چند ماہ قبل تھانوں میں درج کروائی گئی تھیں۔ تاہم اب پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ معلومات ملی ہیں کہ یہ لوگ کراچی اور گوادر کے راستے ایران سے شام گئے ہیں تاکہ دولتِ اسلامیہ میں شامل ہو سکیں۔ لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ پولیس کے پاس تو ان کے اغوا کی ایف آئی آر درج تھی لیکن اب ان میں سے کچھ خواتین کا رابطہ اپنے گھر والوں سے ہوا ہے جنھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ اطلاع دی ہے کہ وہ اغوا نہیں ہوئیں بلکہ اپنی مرضی سے شام گئی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’محکمہ انسداد دہشت گردی کی مزید تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ خواتین کراچی اور گوادر کے راستے ایران سے شام گئیں تاکہ داعش کے لیے کام کر سکیں۔