لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں تین خصوصی عدالتوں کا قیام

اسلام آباد ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے پشاور کے اسکول میں طالبان حملے کے بعد دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے جن اقدامات کو فوری طور پر انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے ان میں پانچ عدالتوں کے منجملہ تین عدالتوں نے اپنا کام بھی شروع کردیا ہے جو لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں قائم کئے گئے ہیں۔ انگریزی اخبار ڈان کے مطابق مذکورہ تین عدالتوں کو پارلیمنٹ میں منظور کئے گئے پروٹیکشن، آف پاکستان ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ عسکریت پسندی میں اضافہ کے رجحان پر قابو پایا جاسکے۔ لاہور کی خصوصی عدالت کی قیادت جج مقرب خان کریں گے جبکہ جج ظفرکھوسہ اور جج انور علی خان بالترتیب کوئٹہ اور پشاور عدالتوں کی قیادت کریں گے۔ مجموعی طور پر پانچ خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں آئے گا۔ سندھ میں بھی خصوصی عدالتیں عنقریب قائم کی جائیں گی۔ پشاور کے ملٹری اسکول میں طالبان کے حملے کے بعد جس میں 150 افراد جن میں اکثریت بچوں کی تھی، ہلاک ہوگئے تھے اور اسی وقت وزیراعظم نواز شریف نے عہد کیا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے ذریعہ مشتبہ دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔