لالہ گوڑہ کے گھر پر ہیلی کاپٹر کا دروازہ گرپڑا

علاقہ میں سنسنی ‘ کوئی نقصان نہیں ‘ دو افراد کی محفوظ لینڈنگ
حیدرآباد ۔ 30اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) مستقر میں پیش آئے ایک حیرت انگیز اور سنسنی خیز واقعہ میں لالہ گوڑہ میں آج دوپہر ایک ہیلی کاپٹر کا علحدہ شدہ حصہ ایک مکان کے چھت پر گرپڑا جس کے نتیجہ میں مقامی افراد میں تشویش اور سنسنی کی لہر دوڑ گئی ۔ لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر کرن کمار سنگھ کے مطابق انہیں یادو بستی کے ایک ساکن کا کال موصول ہوا جس نے کہا کہ اس کے گھر پر ایک طیارہ کے دروازہ جیسی کوئی شئے گرپڑی ہے جس کے نتیجہ زور دار آواز پیدا ہوئی تھی ۔ ایس ایچ او نے کہا کہ ’’ ہماری ٹیم نے ایک شئے برآمد کی جو ہیلی کاپٹر کے دروازہ جیسا نظر آرہی ہے ۔ اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا اور کوئی شکایت بھی نہیں کی گئی ۔ ہم نے تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے ۔ ہم اس کی شئے کی ہوا بازی کے ماہرین سے جانچ اور توثیق کروا رہے ہیں ‘‘ ۔ اس واقعہ سے مقامی عوام میں کچھ دیر کیلئے تشویش اور پریشانی کی لہر دوڑ گئی تھی کیونکہ حالیہ عرصہ کے دوران شہر کے مضافات میں انڈین ایئرفورس کا ایک تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا ۔ انسپکٹر نے کہا کہ پولیس نے ہیلی کاپٹر کے دروازہ جیسی اس شئے کو ایک تحویل میں لے لیا جو تقریباً 4×3 فٹ کی ہے ۔ یہ ہیلی کاپٹر تلنگانہ اسٹیٹ ایویشین اکیڈیمی کا تھا ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ڈائمنڈ A42 طیارہ میں سوار دو افراد نے بحفاظت لینڈنگ کی ۔ تلنگانہ ہوا بازی اکیڈیمی کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ شہری ہوا بازی ڈائرکٹوریٹ جنرل کی فضائی حفاظتی اتھاریٹی کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ پائیلٹ نے بتایا کہ چار نشستوں پر مشتمل چھوٹے طیارہ میں ایک زیر تربیت شخص اور ایک انسٹرکٹر سوار تھا ۔