لالو پرساد کے کانگریس سے خوفزدہ ہونے پر راج ناتھ سنگھ کو حیرت

مظفر پور (بہار) ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے آج اظہار حیرت کیاکہ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد کانگریس سے کیوں خوفزدہ ہیں اور یہ جاننے کے باوجود کہ ملک گیر سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور کرپشن کے غلبہ کی کانگریس ہی ذمہ دار ہے، اُس کی تائید کیوں کررہے ہیں۔ وہ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ آخر کانگریس برہم ہوجائے تو اُن کا کیا بگاڑ لے گی۔ لالو پرساد اب بھی کانگریس سے وابستہ ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ملک کو ایک طاقتور حکومت کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’شیر کا کلیجہ چاہئے دیش کو مضبوطی سے چلانے کیلئے‘‘۔ مظفر پور میں پانچویں مرحلہ کے لوک سبھا انتخابات کے دوران 7 مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔