لالو پرساد کی عبوری ضمانت میں 6 ہفتے کی توسیع

پٹنہ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ایک مرتبہ پھر بڑی راحت ملی۔ عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی مدت میں 6 ہفتے کی توسیع کی ہے۔ لالو 17 اگست تک ضمانت پر رہیں گے۔ لالو پرساد یادو کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکیل ابھیشک سنگھوی اور چترنجن سنہا نے جسٹس اپریش کمار سنگھ عدالت میں دلائل پیش کئے۔ اُنھوں نے میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے لالو پرساد کے لئے تین مہینے کی ضمانت کا مطالبہ کیا لیکن عدالت نے اس مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے چھ ہفتے کی ضمانت منظور کی۔