لالو بہار کے سوپر چیف منسٹر، نتیش کٹھ پتلی: بی جے پی

نئی دہلی /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت بہار کے فیصلہ کو کہ لالو پرساد کے خلاف مقدمات سے دست برداری اختیار کرلی جائے، تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ اس سے بی جے پی کے الزام کی توثیق ہو جاتی ہے کہ آر جے ڈی سربراہ سوپر چیف منسٹر ہیں اور دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر اپنی کرسی بچانے کے لئے کسی حد تک بھی جاسکتے ہیں۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری سریکانگ شرما نے کہا کہ ’’کمار کٹھ پتلی چیف منسٹر بن گئے ہیں۔ جب ریاست میں فوجداری مقدمات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور برسر اقتدار اتحاد کے کئی ارکان اسمبلی پر جرم کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں تو یہ صورت حال شرمناک ہے‘‘۔ آر جے ڈی۔ جے ڈی یو۔ کانگریس اتحاد کا انتخابی نعرہ تھا ’’بِہار میں بَہار ہو‘‘ لیکن درحقیقت افراد کی بہار تو جرائم پیشہ افراد کے لئے آئی ہے۔ انھوں نے کئی حالیہ مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ کانگریس رکن اسمبلی پر ایک نابالغ لڑکی کے اغواء کا الزام ہے۔ جے ڈی یو کے ایک رکن اسمبلی نے ایک ڈی ایس پی کو دھمکی دی ہے اور آر جے ڈی کے رکن اسمبلی پر ملازمین پولیس کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ انھوں نے قتل، اغوا اور ڈکیتی کے کئی مقدمات کا حوالہ دیا، تاکہ اپنے دعوے کو تقویت دے سکیں۔ شرما نے حکومت بہار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ توڑ پھوڑ کا مقدمہ لالو پرساد اور ان کے دو وزیر بیٹوں کے خلاف بند کردینے کا فیصلہ بھی اس کی تصدیق ہے۔ بی جے پی نے کہتی آرہی ہے کہ لالو پرساد بہار کے سوپر چیف منسٹر ہیں۔ مقدمات سے دست برداری صرف بی جے پی کے موقف کی توثیق ہے۔ پٹنہ کی ایک ضلع عدالت نے پیر کے دن لالو پرساد کے خلاف درج ایک ایف آئی آر کا مقدمہ بند کردیا۔ ایسا ریاستی حکومت کی درخواست پر کیا گیا۔ یہ ایف آئی آر پارلیمانی انتخابات کے دنوں میں درج کروائی گئی تھی۔ کئی دن بعد حکومت نے لالو اور ان کے دو بیٹوں کے خلاف ایک اور مقدمہ سے دست برداری اختیار کرلی، جو گزشتہ سال 27 جولائی کو پارٹی کی زیر سرپرستی بند کے اہتمام کے بارے میں تھا۔