لاری اور بس میں تصادم ، 2 ہلاک 13زخمی

حیدرآباد ۔ /30 نومبر (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقے حیات نگر پدا عنبر پیٹ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں لاری اور خانگی بس کے تصادم کے سبب دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب وجئے واڑہ سے شہر کیلئے آنے والی خانگی بس نے نلگنڈہ سے آنے والی لاری کو قومی شاہراہ 65 پر ٹکر دیدی ۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی بس ڈرائیور سبا ریڈی اس حادثہ میں برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ کلینر بی بھاسکر شدید زخمی ہوگیا جس کے سبب اسے خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اس حادثہ میں 12 بس مسافرین بھی زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ اس حادثہ کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعہ مختلف دواخانوں کو منتقل کیا گیا ۔