لائف انشورنس کے نئے بیمہ پالیسیاں متعارف

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شری رام خانگی لائف انشورنس کمپنی ( ادارہ ) نے آج نئی سات بیمہ پالیسیوں کو مارکٹ میں متعارف کیا جن میں چار پالیسیاں اسٹاک مارکٹ سے مربوط رہنے اور ماباقی تین پالیسیاں روایتی انداز کی پالیسیاں شامل ہیں ۔ اس سلسلہ میں آئی آر ڈی اے کے مرتب کردہ نئے رہنمایانہ خطوط کی روشنی میں ان نئی پالیسیوں کو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسرس منوج کمار جین سی ای او اور ہول ٹائم ڈائرکٹر اور جی ویدیا ناتھن سی ایف او اور نائب صدر کارپوریٹ سروسیس شری رام لائف انشورنس کمپنی نے ان نئی سات بیمہ پالیسیوں کی اجرائی کا اعلان کیا اور بتایا کہ تین روایتی انداز کی نئی متعارف کردہ بیمہ پالیسیوں میں شری رام نیو شری لائف پلان ، شری رام نیو اکشئے ندھی اور شری رام کیاش بیاک ٹرم پلان ، پالیسی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں شری رام لائف انشورنس کمپنی نے اپنے سابقہ یو ایل آئی پی پلانس شری رام لائف ویلتھ پلس ، شری رام لائف فارچون بلڈر پلان شری رام اوجول لائف ریگولر پریمیم اور شری رام اوجول لائف سنگل پریمیم چار پالیسیوں میں ترمیمات کے ذریعہ پالیسیاں جاری کی گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ شری رام لائف انشورنس کمپنی کا سال 2005 میں قیام عمل میں لایا گیا اور پہلے سال میں ہی اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نفع حاصل کرنے والی اس کمپنی نے مسلسل تین سال کے دوران کامیابی کی منزلیں طے کرتی گئی اور واحد خانگی لائف انشورنس کمپنی کی حیثیت سے اپنا ریکارڈ درج کروائی اور سات سال سے مسلسل زبردست نفع شری رام لائف انشورنس کمپنی کو حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شری رام لائف انشورنس کمپنی کو گذشتہ سات سال کے دوران جملہ 163 کروڑ روپئے کا نفع حاصل ہوا ہے جب کہ شری رام لائف انشورنس کمپنی کے استفادہ کنندوں ( صارفین ) کی تعداد 22 لاکھ سے زائد ہے اور اس انشورنس کمپنی نے جملہ 2385 کروڑ روپئے کے کاروبار کیے اور یہ کاروبار دیگر خانگی انشورنس کمپنیوں سے کم نہیں ہے ۔ فی الوقت اس لائف انشورنس کمپنی کے پاس 13 مختلف پلانس بھی شامل ہیں ۔ مسٹر منوج کمار جین نے بتایا کہ شری رام لائف انشورنس کمپنی اجازت کے حصول پر 50 نئی برانچس قائم کرنے کی تجویز رکھتی ہے ۔ فی الوقت شری رام لائف انشورنس کمپنی کی 300 برانچس ملک کے مختلف مقامات پر پائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے شری رام لائف انشورنس کمپنی کی ان نئی انشورنس پالیسیوں سے بھر پور استفادہ کرنے کی اپیل کی ۔۔