قونصل خانے پر حملے کے تناظر میں پاکستانی وزیرخارجہ کی چینی ہم منصب سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 24 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں چینی قونصل خانے پر بلوچ علیحدگی پسندوں کے مسلح حملے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر یقین دلایا کے اس واقعے کی مکمل تفتیش کی جائے گی اور اس حملے میں معاونت فراہم کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایک حکومتی عہدیدار کے مطابق یی نے اس بات چیت میں کہا کہ یہ حملہ پاکستان اور چین کے تعلقات اور سی پیک پر اثرانداز ہونے کی کوشش تھی۔ گزشتہ روز ہوئے اس حملے میں تینوں مسلح افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری بھی مارے گئے تھے۔