قومی یکجہتی کو فروغ عصر حاضر کی شدید ضرورت

گلبرگہ /30 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) لوک ساہتیہ منچ کلبرگی کئی برسوں سے نہ صرف ہمہ لسانی ادب کو فروغ دے رہی ہے بلکہ سماج کے مختلف طبقات ،مذاہب اور مختلف الخیال ادباء اور شعراء او ر صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پرپیش کرتے ہوئے یکجہتی کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر قمرالاسلام وزیر بلدی نظم ونسق ،پبلک انٹر پرائزس ، وقف ،اقلیتی بہبود و انچارج وزیر نے لوک ساہتیہ منچ اور جماعت اسلامی ہند شاخ کلبرگی کے اشتراک سے منعقدہ جلسہ عید ملاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ منچ کی جانب سے عید کے موقع پر اپنی روایت کے مطابق عید ملاپ سماج میں بھائی چارہ ،قومی یکجہتی اور اخوت کو فروغ دیگا جس کی آج شدید ضرورت ہے انہوں نے اسلام کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسان ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں ۔علاقہ ،زبان ،نسل و مذاہب اپنی جگہ ہیں ۔انہوںنے اسلام کے درس حب الوطنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے لئے تمام مذاہب کے پیشوایان ،علمائے کرام ،شعراء ،ادباء اور فنکار وں کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا ،علی مولانا ابولکلام آزاد اور سینکڑوں علماء ودانشوروں نے ملک کی ا ٓزاد ی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔انہوںنے کہا کہ جامع مسجد کی سیڑھیوں سے بھی نعرہء تکبیر اور انقلاب زندہ باد کی آوازیں بلند ہوئیں اور جس کے نتیجے میں ہم آزاد ہندوستان میں ایک خوشحال زندگی بسر کررہے ہیں۔ممتاز مجاہد ا ٓزادی شری ودیا دھر گروجی نے کہا کہ ہم سیرت کو ترجیح دیں او ر اس کی بقاء کے لئے اخلاقیات کے درس کو عا م کریں ،انہون نے معاشرہ میں ہونے والے انسانیت سوز واقعات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سائنس اور دیگر علوم میں یقینا بڑی تیزرفتار ی سے ترقی کررہے ہیں تاہم انسانی اقدار پیدا کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔انسان کو اپنی عظمت و تقدس کو سنبھالنے پر زور دینا چاہیئے ۔انسان یقینا فرشتوں سے افضل ہے اسے قعر ذلت سے دور رہنا چاہیئے ۔انجنیئر عبدالقادر جماعت اسلامی ہند نے بزبان کنڑا و ہندی میں سورہ رحمن کے ترجمہ اور دیگر تفصیلات وتعلیمات اسلامی کے حوالے سے اللہ تبارک وتعالیٰ کی توصیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک اللہ کومانیں جو تما م کائنات کا خالق ہے وہ نہ کسی کی اولاد ہے نہ کسی کا باپ ،اس کو کوئی شکل و صورت اور خاکہ نہیں ہے۔وہ ایک نور ہے۔صدر لوک ساہتیہ منچ ڈاکٹر ماجدداغی نے لوک ساہتیہ کی جانب سے مہمانان خصوصی کا خیر مقدم کرتے ہوئے منچ کے پریمبل کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے اس کے قیام کے اغراض ومقاصد پیش کئے۔اس موقع پر ڈاکٹر قمرالاسلام ضلع انچارج وزیر ،محمد اصغر چلبل صدرنشین کلبرگی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور بھیم ریڈی پاٹل میئر کلبرگی کو شالیں اڑھاکر گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی ۔قبل ازین نندرانی ہمبل پورکر ،منگلا کپرے ،شیاملا کلکرنی ،شیولیلا ، گوئندرائو ،کلکرنی ،عارف مرشد ،منظور وقار ،سنیل چودھری ،ایشور کٹارے ،شیولنگ ،بابو جادھو ،بال کرشنا ،ایس ایم پٹناکر ،رینو کاڈانگے ،اور پی یم مانو سگر نے اپنی اپنی تخلیقات سنا کر داد تحسین حاصل کی ،اس موقع پر تمام شرکائے مجلس میں شیر خرماپیش کیا گیا ۔انجنیئر اکرم نقا ش ،واجد اختر صدیقی،پریس سکریٹری چاند اکبر ،وغیرہ موجود تھے۔