قومی کمیشن برائے خواتین کی عوامی سماعت

حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) قومی کمیشن برائے خواتین نے آج پرانی حویلی کمشنر آفس میں دو روزہ عوامی سماعت کا آغاز کیا اور پہلے دن 21 کیسیس کی سماعت کی گئی۔ کمیشن کی رکن شریمتی سشما ساہو، پروین ( لیگل کنسلٹنٹ) اور سیکشن آفیسر سرسوتی کی قیادت میں عوامی سماعت کے پہلے دن متاثرہ خواتین سے تبادلہ خیال کیا گیا اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کی تحقیقات کرنے والے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ کمیشن نے عوامی سماعت کے دوران فیملی کونسلنگ بھی کی جس میں فردوس بیگم نامی ایک خاتون جس نے اپنے شوہر علیم الدین کے خلاف ویمن پولیس اسٹیشن ساؤتھ زون میں شکایت درج کروائی تھی اور کونسلنگ مکمل ہونے سے قبل ہی قومی کمیشن برائے خواتین سے بھی شکایت درج کروائی تھی۔ کمیشن کے ارکان نے فردوس بیگم اور علیم الدین کو طلب کیا اور ان کی کونسلنگ کی جس کے نتیجہ میں دونوں نے اپنے ارکان خاندان کے روبرو خوشگوار زندگی گذارنے کا عہد کیا اور اس سلسلہ میں کمیشن کے روبرو ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔ سماعت کے موقع پر حیدرآباد سٹی کے علاوہ سائبر آباد اور رچہ کنڈہ سے تعلق رکھنے والی درخواستوں کی بھی سماعت کی گئی۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ( کرائمس اینڈ ایس آئی ٹی ) شریمتی سواتی لکرا نے کمیشن کو سماعت کے دوران معاونت کی۔ کمیشن کی عوامی سماعت کل بھی جاری رہے گی۔