قومی پرستی سے نہیں تعلیم اور روزگار سے ملک چلتا ہے : سسودیا

جالندھر’ 15مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آج کہا کہ ملک صرف قوم پرستی سے نہیں بلکہ تعلیم’ روزگار اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے چلتا ہے ۔مسٹر سسودیا یہا ں عام آدمی پارٹی کے جالندھر سے لوک سبھا امیدوار جسٹس زورا سنگھ کے حق میں روڈ شو میں حصہ لینے کیلئے آئے تھے ۔ انہوں نے روڈ شو سے پہلے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے ملک کو مضبوط کردیا ہے ۔ لیکن ملک میں روزگار نہیں ہے ’ تعلیم نہیں ہے ’ تجارت برباد ہوگئی ہے ’ ملک اس طرح مضبوط نہیں ہوتا۔ یہ فرضی قوم پرستی ہے ۔ اس کے خلاف ووٹ دینا چاہئے ۔ انہو ں نے کہا کہ اس عام انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس کے پاس کوئی ٹھوس موضوع نہیں ہے ۔بی جے پی کے پاس صرف پاکستان کا موضوع ہے اور کانگریس اپوزیشن پارٹی ہونے کے نام پر ووٹ مانگ رہی ہے ۔ صرف عام آدمی پارٹی ہی عوامی اور ترقی کے موضوع پر الیکشن لڑ رہی ہے ۔پنجاب کے برگاڑی میں بے ادبی کے واقعہ کے سلسلے میں مسٹر سسودیا نے کہا کہ اکالی دل تو اسے کوئی معاملہ ہی نہیں سمجھتا ہے ۔