قومی پراجکٹ پولاورم کے کنٹراکٹر کی تبدیلی پر پورندیشوری کا اعتراض

حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کی قائد سابق مرکزی وزیر پورندیشوری نے قومی پراجکٹ پولاورم کے سنگل کنٹراکٹر کو تبدیل کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آندھرا پردیش کے اس فیصلے سے پراجکٹ کی تعمیری لاگت میں اضافہ ہوجائے گا اور یہ اقدام مالی بوجھ ثابت ہوگا ۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقریب میں شرکت کرنے کے لیے چتور پہونچنے والی پورندیشوری نے کہا کہ حکومت تلنگانہ پراجکٹ کے تعمیری کاموں کے لیے نا اہل رہنے والی ٹرائس ٹرائی کمپنی کو قومی پراجکٹ حوالے کیا ہے ۔ اب کنٹراکٹ تبدیل کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ نا مناسب ہے ۔ اگر کنٹراکٹ تبدیل کیا گیا تو حکومت پر زائد مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ جس کمپنی کو کنٹراکٹ دیا جارہا ہے اس کے بارے میں کوئی چھان بین نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں بی جے پی کو مستحکم بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ پورندیشوری نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ بدعنوانیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی دلیرانہ فیصلے ہیں جس سے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی ۔ مرکزی حکومت ملک کے معاشی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے گی ۔۔