قومی شاہراہوں پر شجرکاری کیلئے 1000 کروڑ روپئے مختص

نئی دہلی ۔ /30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نے اپنی نوعیت کا منفرد 100 کروڑ کا گرین فیلڈ پراجکٹ برائے 2016-17 ء شروع کیا ہے تاکہ قومی شاہراہوں کے کنارے شجرکاری کرتے ہوئے سرسبز و شاداب ماحول بنایا جائے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جاریہ مالیاتی سال کے دوران 10 ہزار کلو میٹر طویل شاہراہوں کے کنارے شجرکاری کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جہاں پر سایہ دار درخت اور پھل دار پودے لگائے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے 200 غیر سرکاری تنظیموں اور دیہی انجمنوں کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ گرین ہائی ویز پالیسی کے تحت گزشتہ سال ایک گرین فنڈ قائم کیا گیا اور پالیسی کے مطابق موجودہ اور مجوزہ قومی شاہراہوں کو سرسبز و شاداب بنایاجائے گا اور سڑک تعمیر کرنے والے کنٹراکٹرس کیلئے شجرکاری کیلئے خصوصی فنڈ 1.5 لاکھ کروڑ روپئے مختص کیا جائے گا ۔ جن کی ذمہ داری  درختوں کی دیکھ بھال بھی ہوگی۔

ناگپور کے قریب ایک گاؤں میں آر ٹی سی بس کاآغاز
حیدرآباد ۔ /30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ناگپور سے بمشکل 40 کلو میٹر دور واقع ایک چھوٹے سے گاؤں میں آر ٹی سی بس پہنچنے کیلئے آزادی کے بعد 69 سال لگ گئے ۔ مہاراشٹرا آر ٹی سی نے کل کھیری سیتا گاؤں کیلئے پہلی مرتبہ بس سرویس شروع کی ہے ۔ آزادی کے طویل عرصہ بعد دیہاتیوں کو اب سہولت فراہم ہوئی ہے۔ اس موقع پر دیہاتیوں نے گاڈی کے روبرو ڈھول تاشے بجاتے ہوئے رقص کیا ۔ ایکدوسرے پر رنگ ڈالتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گاؤں کے 40 بچے بشمول لڑکیاں تعلیم حاصل کرنے کیلئے ہر روز پیدل جاتی تھیں اور شام ڈھلے واپس آنے میں خوف محسوس کرتے تھے لیکن اب بس سرویس کے آغاز سے مشکلات ختم ہوجائے گی ۔