قندیل بلوچ قتل کیس: مفرور عالم دین گرفتار

لاہور۔ 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک پاکستانی عالم دین کو جو ملتان کی ایک عدالت سے ان کی درخواست ضمانت مسترد کردیئے جانے کے بعد فرار ہوگئے تھے، کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا، جن پر سوشیل میڈیا کے معروف شخصیت قندیل بلوچ کے قتل کا الزام ہے۔ اطلاعات کے مطابق مفتی عبدالقوی صوبہ پنجاب کے ملتان میں واقع سیشنس کورٹ میں حاضر ہوئے تھے جو لاہور سے 350 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے تاکہ قندیل بلوچ قتل معاملے میں وہ اپنی ضمانت میں مزید توسیع کرواسکیں، تاہم عدالت نے ضمانت میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دیا تاہم مفتی عبدالقوی عدالت سے فرار ہوگئے لیکن پولیس نے تلاش بسیار کے بعد انہیں بالآخر ملتان سے جھنگ جانے والی شاہراہ پر گرفتار کرلیا۔ تحقیقاتی آفیسر نور اکبر نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ 26 سالہ قندیل بلوچ ملتان کے کریم آباد علاقہ میں 16 جولائی 2016ء کے روز اپنے مکان میں مردہ پائی گئی تھی جس کے بعد اس کے بھائی وسیم نے اقبال ِ جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ خاندان کی ناموس کو داغدار کرنے پر اس نے اپنی بہن کو قتل کردیا۔