قندوز میں طالبان کے خلاف لڑائی افغان فورسس کو ناٹو کی مدد

قندوز۔ 30 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے زیر قیادت مغربی فوجی اتحاد ناٹو نے آج کہا ہے کہ افغان شہر قندوز پر طالبان تخریب کاروں کے قبضہ کے بعد جاری گھمسان لڑائی میں وہ افغان فورسس کی مدد کر رہا ہے۔ طالبان میں اس شہر پر اچانک یلغار کرتے ہوئے افغان فورسس کے حملہ کو پسپا کرتے ہوئے گزشتہ 14 سال کے دوران پہلی مرتبہ بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ اس دوران طالبان نے ایرپورٹ کی سمت پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہے، جہاں سے سرکاری فوج پسپا ہوچکی ہے۔
گاندھی جینتی پر لتھوانیا میں گاندھی ۔ ہرمن مجسمہ کی نقاب کشائی
لندن 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لتھوانیا میں ایک تاریخی مجسمہ کا افتتاح کرنے کے بعد اُسے ہندوستان کے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور اُن کے لتھوانیا میں پیدا ہوئے انتہائی قریبی ساتھی ہرمن کلیناک کو معنون کیا جائے گا۔ گاندھی جی کے یوم پیدائش 2 اکٹوبر کو افتتاح عمل میں آئے گا۔ کلیناک جو ایک جرمن نژاد یہودی آرکیٹکٹ تھے، نے مہاتما گاندھی کے ساتھ جنوبی افریقہ میں کام کیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ اُنھوں نے اپنی 1000 ایکڑ پر محیط اراضی بھی مہاتما گاندھی کو بطور عطیہ دی تھی جس پر ٹرانسوال میں ستیہ گرہیوں کے لئے ’’ٹالسٹائی فام‘‘ قائم کیا گیا تھا۔ کانسہ کے بنے اس مجسمہ میں مہاتما گاندھی اور کلیناک کو ایک دوسرے سے قریب کھڑا ہوا دکھایا گیا ہے جس کا افتتاح 2 اکٹوبر کو لتھوانیا کے وزیراعظم الگیرداس بٹکویکس اور ہندوستان کے ریاستی وزیر برائے زراعت موہن بھائی کنداریا کے ہاتھوں عمل میں آئے گا جو ہند ۔ لتھوانیا دوستی کی مستحکم علامت سمجھی جارہی ہے۔
فرانس کے داعش پر پہلا فضائی حملہ
30 ہلاک
بیروت 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے شام میں پہلی بار دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں پر فضائی حملہ کرتے ہوئے 30 جہادیوں کو ہلاک کردیا جن میں حیرت انگیز طور پر 12 نابالغ (بچے) سپاہی بھی شامل ہیں۔ ایک مانیٹرنگ گروپ سے وابستہ رمی عبدالرحمن نے یہ بات بتائی۔ دولت اسلامیہ نے اپنے ’’بچہ سپاہیوں‘‘ کو خلافت کے شیروں کے بچوں سے تعبیر کیا۔