قلی قطب شاہ اسٹیڈیم عوام کیلئے بند

گراؤنڈ 9 ماہ تک پولیس ٹریننگ کیلئے دے دیا گیا
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) پرانا شہر میں کھیل کود کی سرگرمیوں کا واحد مرکز قلی قطب شاہ اسٹیڈیم 9 ماہ کے لئے ایسی سرگرمیوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے باب الداخلہ پر اس تعلق سے نوٹس لگادی گئی ہے جس میں اسٹیڈیم آنے والوں خاص کر کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو اطلاع دی گئی ہے کہ مقررہ اوقات میں ان کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی کیوں کہ یہ مقام 9 ماہ تک ٹریننگ کے لئے استعمال ہوگا۔ گراؤنڈ عارضی طور پر 9 ماہ کے لئے پولیس ٹریننگ سرگرمیوں کے لئے دیا گیا ہے۔ 28 اپریل سے اس پر عمل شروع ہوگیا ہے۔ ٹریننگ کے عرصہ میں کسی شہری یا اسپورٹس مین کو گراؤنڈ کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔نوٹس کے تحت 5 بجے صبح سے 9 بجے دن اور 3 بجے دن سے 7 بجے شام تک گراؤنڈ پر داخلہ بند رہے گا۔

اپریل میں شہر میں 80 گھنٹے برقی سربراہی بند
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے اس دعوے کے برعکس کہ ریاست میں کوئی برقی کٹوتی نہیں کی گئی، یکم اپریل سے 29 اپریل تک سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی ایس پی ڈی سی ایل کے تحت علاقوں میں ایک سو گھنٹے برقی کی سربراہی بند رہی۔ ایس پی ڈی سی ایل علاقہ حیدرآباد، رنگاریڈی، میدک، محبوب نگر اور نلگنڈہ پر مشتمل ہے۔ بریک ڈاؤن کی وجہ سے 63 گھنٹے اور مقررہ شٹ ڈاؤن کے تحت 48 گھنٹے برقی سربراہی بند رہی۔ سب سے شدید متاثرہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاقے رہے جہاں اپریل تمام وقفہ وقفہ سے برقی کی سربراہی بند ہوتی رہی۔