قلفی آئسکریم

موسم گرما کی آمد آمد ہے ۔ٹھنڈے مشروبات اور آئسکریم و قلفی کی ان دنوں بڑی ڈیمانڈ ہے اور آئسکریم کے تو سب ہی دلدادہ نظر آتے ہیں۔ لہذا کیوں نہ آپ گھر پر انتہائی مزیدار سا قلفہ بنا کر سب کو حیران کردیں۔
اجزا:‘ برفی : پانچ سو گرام (مٹھائی والی)‘دودھ : ایک لیٹر‘کھویا‘ دو سو پچاس گرام ‘بادام چار کھانے کے چمچ ‘پستہ ‘ دو کھانے کے چمچ ‘چینی :آدھا کپ
ترکیب : پتیلی میں دودھ گرم کریں۔ برفی اور کھویا ہاتھ سے مسل کر دودھ میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی چینی بھی ڈال دیں ۔ اس دوران چولہے کی آنچ درمیانی رکھیں اور چمچ چلاتی رہیں تا کہ آمیزہ گلنے نہ پائے ۔ برفی اور کھویا‘دودھ میں اچھی طرح یک جان کرلیں۔ جب آمیزہ گاڑھا ہوجائے تو پتیلی چولہے سے اتار لیں۔ اب اس میں بادام‘ پستہ شامل کردیں۔ آمیزہ ٹھنڈا ہونے پر ڈھکن والے باول میں ڈال کر پانچ چھ گھنٹے کیلئے فریزر میں رکھ دیں۔ لذید قلفہ تیار ہے ۔ شیشے کی پیالیوں میں ٹکڑوں کی شکل میں کاٹ کر سرو کریں۔ اوپر بادام اور پستے کی ہوائیاں چھڑک دیں چاہیں تو قلفی والے سانچے میں اسٹک لگا کر آمیزہ جمالیں ۔