قلعہ گولکنڈہ میں مہا کوٹمی امیدوار عثمان الہاجری کا پیدل دورہ

دورہ کو ناکام بنانے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑا کرنے کی کوشش ناکام ، قافلہ پر حملے کا ڈٹ کر سامنا

حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : حلقہ اسمبلی کاروان سے مہا کوٹمی کے کانگریسی امیدوار جناب عثمان بن محمد الہاجری کا پیدل دورہ آج قلعہ گولکنڈہ میں سازشوں اور رکاوٹوں کی ناکام کوششوں کے باوجود کامیاب رہا ۔ جگہ جگہ رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش اور قافلہ پر حملہ کا الہاجری کے حامیوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور صالح نگر کنچہ میں مخالف گروپ کے افراد کا تعاقب بھی کیا گیا ۔ نفرت اور سازش کا شکار غم و غصہ سے مخالفت پیدا کرنے کی کوشش کو کانگریس امیدوار نے محبت اور انکساری سے ناکام بنادیا اور اپنے قافلہ کے برہم نوجوانوں کو مذہب اسلام کے پیغام سے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ۔ مخالفین کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے مقامی عوام وقفہ در وقفہ جوق در جوق عثمان الہاجری کے ساتھ جڑتی گئی ۔ جمعہ کے دن کا مکمل احترام پر وہ ادب و لحاظ اور اخلاق کے دائرے میں انتخابی مہم جاری رہی ۔ یاد رہے کہ حلقہ کاروان کے اس بے باک کانگریسی قائد کی انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے کی یہ پہلی کوشش نہیں ہے بلکہ ہر آئے دن کسی نہ کسی بہانے اور موقع پر رکاوٹ کھڑی کی جارہی ہے تاہم اسی انداز سے مزید تیز رفتار اور شدت کے ساتھ انتخابی مہم جاری ہے ۔ ویران مساجد کو آباد کرنے اور کروڑہا روپئے کی اوقافی املاک سے ناجائز قبضوں کو برخاست کرنے کے علاوہ فرقہ پرستی کے خاتمہ کے مقصد سے عثمان الہاجری لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اور اب وہ انتخابی میدان میں کانگریس جیسی سیکولر جماعت کے ذریعہ مقابلہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے آج دان کوٹہ ، صالح نگر ، کنچہ ، بڑا بازار ، چھوٹا بازار کے علاوہ دیگر علاقوں میں اپنی انتخابی مہم جاری رکھی اور مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ حالات کا جائزہ لیں چونکہ موجودہ پر فریب اور فرقہ پرستی کے عروج والے اس دور میں کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جو زعفرانی طاقتوں کو تورنے کا ذریعہ بن سکتی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کے درمیان آپس میں نفرت پیدا کرنے والے اور مسلمانوں کو آپس میں بانٹنے والے مفاد پرستوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا اور گھر گھر پہونچکر عوامی مسائل سے آگہی حاصل کی اور کانگریس کے منشور اور مسلمانوں کی ترقی کے اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ عثمان الہاجری کے اس دورے کے دوران عوام بالخصوص خواتین نے آگے بڑھ کر اپنے مسائل کو پیش کیا ۔ عثمان الہاجری نے کہا کہ ان علاقوں میں عوام مسائل کے بھنڈار پائے جاتے ہیں ان علاقوں میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کو چھوڑ کر اوقافی اراضیات پر ناجائز قبضہ کئے گئے اور بالراست طور پر ناجائز قابضین کی مدد کی گئی ۔ انہوں نے قلعہ گولکنڈہ کے بے گھر افراد کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات کے پراجکٹ اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے خود روزگار کے موقع فراہم کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ مہاکوٹمی حکومت کی تشکیل کے فوری بعد حلقہ کاروان کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس انتخابی مہم میں تلگو دیشم اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین موجود تھے ۔۔