قطر کے شہریوں کے لیے حج ، عمرے پر کوئی پابندی نہیں

جدہ ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ قطر کے شہریوں کے لیے حج و عمرے پر کوئی پابندی نہیں اور سعودی عرب قطری حاجیوں کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی حکام نے واضح کیا کہ قطری شہریوں کے حج و عمرے کی ادائیگی پر پابندی کے حوالے سے خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ۔ اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے جس دن قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اسی دن یہ بھی وضاحت کردی تھی کہ وہ قطری بھائیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لیے متعلقہ اداروں نے جو نظام وضع کیا ہے اس کے مطابق انہیں تمام تر سہولیات مہیا کرے گا ۔ لہذا قطری حکام کے منفی روئیے اور اپنے ہی شہریوں کو عمرہ اور حج کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کی وجہ یہ ہے کہ ذرائع ابلاغ کے خود ساختہ بحران پر توجہ حاصل ہو ۔۔