قصہ خوانی بازار میں دھماکہ، آٹھ افراد ہلاک

پشاور ، 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور میں منگل کی شب بم دھماکے سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا اور اُن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ پشاور کے مصروف قصہ خوانی بازار کے علاقہ کوچہ رسالدار میں ایک ہوٹل کے قریب ہوا۔ اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ بم دھماکہ خودکش بمبار کی کارروائی ہو سکتا ہے لیکن بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حقائق جاننے کیلئے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جس ہوٹل کے قریب دھماکہ ہوا وہاں شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد رات کا کھانا کھانے آتے تھے، جبکہ کرم ایجنسی سے آئے شیعہ لوگ بھی اس ہوٹل میں قیام کرتے تھے۔ جب دھماکہ ہوا تو اس وقت کوچہ رسالدار میں کافی ہجوم تھا اور عینی شاہدین کے مطابق قریب ہی امام بارگاہ بھی واقع ہے۔ دھماکے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیاجبکہ علاقے کی بجلی بھی منقطع ہو گئی۔ منگل کی صبح ہی قصہ خوانی بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مقامی رہنما علی اصغر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔