قرض کی واپسی کے لیے ہراسانی کا شکار سیلس مین کی خود کشی

حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں ایک شخص نے دو افراد کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 35 سالہ محمد جہانگیر جو پیشہ سے سیلزمین سنجے گاندھی نگر نواب صاحب کنٹہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس شخص نے جو ایک دوکان میں کام کرتا تھا ۔ اس دوکان کے مالکین سے 60 ہزار روپئے قرض لیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضمیر اور ظہیر نامی افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے اسٹامپ پیپر پر دستخط لینے کے بعد جہانگیر کو ہراساں و پریشان کررہے تھے ۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر جہانگیر نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔