قرآن مجید کے حکم کے مطابق روزہ سے تقویٰ پیدا کرنے کا مشورہ

حیدرآباد 21 جون (راست) قرآن حکیم ساری دنیا کے علوم کو سمیٹے ہوئے ہے دنیا کا کوئی علم ایسا نہیں ہے جس کے تعلق سے قرآن رہنمائی نہیں کرتا۔ قرآن کریم میں ساری انسانیت کی نجات اور بھلائی کا راستہ ہے۔ رمضان المبارک صرف خود قرآن سننے اور سنانے کے عمل کے آگیقرآن کے عظیم پیغام کو دنیا کے سامنے رکھنے کی سعی کریں۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان رمضان المبارک کے ضمن میں منعقدہ خصوصی خطابات میں کیا۔ وہ کل یاقوت پورہ امام باڑہ مسجد علی میں بعد نماز ظہر خطاب کررہے تھے۔ قبل ازیں جامع مسجد کورٹلہ احسن اللہ میں بھی رمضان کی برکت و فضیلت پر جناب محمد مشتاق ملک نے اپنے خطاب میں کہاکہ روزہ رکھنا کمال بندگی نہیں ہے اس سے پہلے کی قومیں بھی ر وزہ رکھتی تھیں۔ کمال بندگی یہ ہے کہ قرآن کے حکم کے مطابق روزہ سے تقویٰ پیدا کریں۔ روزہ کی جان تقویٰ ہے۔ بار بار زور دیا گیا کہ مسلمان اللہ کو راضی کریں اور بُرے عمل سے خوف کھائیں۔ زندگیوں میں قرآن اور رسول ﷺ کی سنتوں کو داخل کریں۔ کیونکہ لغو اور بیہودہ عمل میں نوجوان گرفتار ہورہا ہے۔ شادی بیاہ کو ہم نے مشکل ترین کام بنادیا ہے۔ بے جا رسومات نے مسلمانوں کو دہلاکر رکھ دیا ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے شادی کو آسان فرمایا۔ آج شادیاں مشکل ہونے سے ہزارہا لڑکیاں بن بیاہی بیٹھی ہیں۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہاکہ علاقہ واری اسٹڈی سرکل قائم کریں۔ نوجوانوں کی تربیت پر زور دیں۔ شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا کی حمایت کریں۔ یہ تحریک شادی سادگی سے کرنے کی طرف ترغیب دیتی ہے۔ کھانا کھلانے کی طرف ترغیب نہیں ہے۔ رمضان کی برکتوں کو حاصل کرنے کے لئے قرآن سے اپنے رشتہ کو جوڑیں۔ دنیا کے سامنے قرآن کے آفاقی پیغام کو بتلائیں۔ اسلام کے تعلق سے جو فتنے اُٹھ رہے ہیں اُس کا علاج صرف قرآن کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں ہے۔ مولوی منور صدر مسجد علی، میاں بھائی، فتح اللہ خان صدر و معتمد مسجد احسن اللہ خان، جناب پرویز حیدر معتمد شبان اور کثیر تعداد میں لوگوں نے ان جلسوں میں شرکت کی۔