قرآن اور سنت نبویؐ پر عمل پیرائی اوردوسروں تک پیام حق پہنچانا امت کی ذمہ داری

قرآن اور سنت نبویؐ پر عمل پیرائی اوردوسروں تک پیام حق پہنچانا امت کی ذمہ داری
جشن میلاد النبی ؐمیںڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی،مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی،پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر کے خطابات
حیدرآباد ۔28؍ڈسمبر( پریس نوٹ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم باعث تخلیق کائنات ہیں حضوراکرم ؐ کی میلاد مبارک تمام آدمیت پر بالخصوص اہل ایمان پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم اور اس کی عطا کردہ نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ہے۔ حضور اکرم محمد مصطفی ؐ تمام انسانوں کی ہدایت کے لئے رسول اور سارے جہانوں کے لئے رحمت بن کر اس جہان رنگ و بو میں رونق افروز ہوے ہیں اور آپؐ کے سر مبارک پر اللہ تعالیٰ خاتم النبیین کا تاج رکھا اور اپنا آخری پیام حق قرآن مجید نازل فرما کر آسمانی ہدایات کے سلسلہ کو مختتم فرمادیا حضور انور محمدؐ مصطفی خاتم النبیین ہیں اور آپؐ کے بعد صبح قیامت تک نہ کوئی نبی آے گا اور نہ وحی کا نزول ہوگا۔رسول ؐرحمت کے وجود با برکت سے خسف اور مسخ کے عذاب موقوف ہو گئے۔ حضور انورؐ کی حیات مبارکہ حق و صداقت، یقین و توکل، خیر و فلاح اور تعلیم و ہدایت سے عبارت اور بلا لحاظ رنگ و نسل، قوم و قبیلہ ، ملک و وطن، علاقہ و زبان، تہذیب و معاشرت، زمان و مکان سبھی کے لئے رہنما اور نمونہ عمل ہے رسول اللہ ؐ کی عظمت و رفعت، شان و بزرگی اور مقام و مرتبہ کا احاطہ کرنا اور ان کی حقیقتوں کو پوری طرح سمجھنا اور بیان کرنا انسانی بس سے باہر ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ؐ کو معجزہ عظمیٰ قرآن مجید اور معراج کی منزلت سے سرفراز فرمایا۔ حضور اقدسؐ کی تعلیمات مبارکہ کا سرنامہ توحید ہے۔ اللہ وحدہ لاشریک معبود حقیقی کی عبادت اور اطاعت، حقوق کی ادائیگی، فرائض کی تکمیل، عمدہ معاملات، اعلیٰ اخلاق، صداقت و امانت داری، نیکی و بھلائی اور احترام آدمیت رسولؐ اللہ کی روشن و منور تعلیمات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے سادات محترم، مشائخ عظام، علمائے کرام، دانشوران گرامی اور ریسرچ اسکالرس نے آج اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے زیر اہتمام منعقدہ پچیسویں سالانہ جشن میلاد رحمۃ للعلمین ؐ کے موقع پر جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ معظم جاہی مارکٹ میں عاشقان رسالت مآب ؐ کے کثیر اجتماع سے خطاب کیا ۔ مولانا ڈاکٹر سید شاہ محمد گیسو دراز حسینی المعروف بہ خسرو پاشاہ سجادہ نشین روزہ منورہ بزرگ گلبرگہ شریف و صدر نشین کل ہند صوفی کانفرنس و آئی ہرک نے نگرانی کے فرائض انجام دئیے۔ صبح دس بجے قرآء ت کلام پاک سے جشن میلاد کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا گیا۔پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے خطبہ استقبالیہ دیا اور بزبان انگریزی بعنوان ’’اطاعت و محبت نبوی ؐ ‘‘ اپنیخطاب میں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کی مسرت میں منعقدہ محفلوں اور جلسوں میں شریک ہونا پسندیدہ عمل اور سعادت عظیم ہے۔ مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمعیۃ المشائخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امتی روحانی اور مادی اعتبار سے خواہ کتنا ہی بلند رتبہ ہو جاے لیکن اسے چاہئے کہ کسی حال میں بھی اپنے رخ کوجمال محمدیؐ اور اخلاق نبویؐ سے نہ پھیر ے اور یہی در حقیقت دنیا اور آخرت میں فوز و فلاح کا راز ہے۔ بیرونی مہمان مقررمولانا سید احمد امیر الدین( کینڈا) نے اپنے پیام میں کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اگر چہ تمام انبیاء کو الگ الگ زمانوں میں علیحدہ علیحدہ قوموں میں مبعوث فرمایا لیکن حضور اکرمؐ کو کسی خاص زمانہ خاص علاقہ یا خاص قوم کے لئے نہیں بلکہ قیامت تک تمام انسانوں کی ہدایت و رہبری کے لئے خاتم الانبیاء بنا کر بھیجا ہے ۔میلاد مبارک کی ایسی مبارک و مسعود محفلوں کا مقصد اولین یہی ہے کہ حضور انورؐ کی حیات پاک، سیرت طیبہ، اسوئہ حسنہ کے منور و تابناک حقائق کو نہ صرف مسلمانوں کے سامنے پیش کرنے کی عزت حاصل کی جاے بلکہ تمام انسانوں تک سرکار دوعالمؐ کے پیام رحمت و انسانیت کو پہنچایا جائے ۔مولانا سید محمد حسینی پیر قادری فاضل نظامیہ (کرنول) نے اپنے خطاب میںکہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے محبوب کی رفعت شان اور علو منزلت کا بارہا اعلان فرمایا ہے۔ بارگاہ الٰہی میں سرکار دو عالمؐ سے زیادہ کوئی تقرب نہیں رکھتا۔ مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ و ریسرچ اسکالر عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ میلاد النبیؐ کی خوشیاں منانا در حقیقت اللہ تعالیٰ کے انعام عظیم کی شگر گزاری، محبت رسول ؐ کی نشانی اور سنت نبویؐ پر عمل پیرائی ، عہد و پیمان کا جذبہ صادق اور خیر و برکت و سعادت کا موجب ہے۔کمسن مقررین جناب سید محمد علی زین العابدین حمیدی، جناب سید محمد علی باقر حمیدی، جناب سید محمد علی موسیٰ کاظم حمیدی نے بہ زبان انگریزی اپنی تقاریر پیش کیں۔ سب سے آخر میں نگران جشن ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے اپنے مخصوص لب و لہجہ میں سامعین سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب رحمۃ للعلمینؐ کے سر پر رحمت کا تاج رکھ کر اپنی تمام مخلوقات کو حضورؐ سے وابستہ فرما دیا۔ ابتداء میں جناب الحاج محمد یوسف حمیدی صدر استقبالیہ نے خیر مقدم کیا اور تمام انتظامات کی دیکھ بھال کی اور آخر میں جناب مظہر حمیدی نے شکریہ ادا کیا۔