قرآ ن مجید برکات و حسنات کا لامتناہی سرچشمہ

جامعۃ المؤمنات میں اجتماع ، ڈاکٹر رضوانہ زرّین کا خطاب

حیدرآباد ۔ /26 مارچ (راست) قرآن مجید برکات و حسنات اور فیضان الٰہی کا ایک لامتناہی سرچشمہ ہے ۔ قرآن مجید شفاء اور حکمت ہے اور موعظت کا بہترین سرمایہ ہے ۔ قرآن کریم ایک ایسا متبرک کلام الٰہی ہے کہ اس کے مثل کسی کا کلام نہیں ہوسکتا ، قرآن مجید علم و عبادت کا مجموعہ ہے ، قرآن مجید ذکر بھی ہے اور فکر بھی ، قرآن قلب انسانی کا نور ہے ، یہ دل پر طاری ہوتا ہے اور دل کی دنیا بدل دیتا ہے ، قرآن مجید میزان عمل ، میزان عدل اور میزان حیات ہے ، قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے جو انسانوں کی ہدایت و رہبری کیلئے اتاری گئی ، دستور حیات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جامعۃ المؤمنات کی ایک ماہ کی مہم ’’آؤ قرآن مجید تجوید سے پڑھیں ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃالمؤمنات نے کیا ۔ تقریب کا آغاز حافظہ رمیصاء افشین کی قرأت ، ڈاکٹر مفتیہ تہمینہ تحسین کی نعت شریف سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مفتیہ نازیہ عزیز نے انجام دیئے ۔ سیدہ زبیدہ عالم نے کہا کہ تجوید کو سیکھنا ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے ۔ جب ہم قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں تو ہمارا جسم اس کی اتباع کررہا ہوتا ہے ۔ قرآن مجید اللہ کا کلام ہے جو ہمارے نبی کریم ﷺ پر نازل ہوا ۔ حضور ﷺ نے فرمایا میری امت کی افضل ترین عبادت قرآن مجید کی تلاوت ہے ۔ جو لوگ قرآن مجید پر ایمان لاتے ہیں اور عمل کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو دنیا و آخرت میں رفعت و عزت عطا فرماتا ہے ۔ اس تقریب میں عاتکہ طیبہ ، نسرین افتخار ، بدرالنساء ، بصیرت النساء ، شاہین بیگم ، رقیہ فاطمہ ، نکہت حسینی ، ماجدہ قیوم ، سیدہ غوثیہ شاہد اور سمیرہ خاتون شریک رہے دعا و سلام پر تقریب کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔