قرآن کریم انسانیت کیلئے فلاح و نجات کی واحد عالمگیر کتاب

ایم جی اے کی تعاون اسلام کلاس، محترمہ راشدہ خاتون و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 اپریل (راست) قرآن کریم انسانیت کیلئے ایک مکمل ہدایت اور نعمت ہے۔ انسانوں کیلئے یہ ہدایت مکمل فلاح و نجات کا نسخہ ہے۔ یہ نہ نظریہ ہے اور نہ فلسفہ بلکہ خالص آسان سمجھنے والا اللہ کا قانون ہے۔ دنیا کے ہر حصے کے ہر زبان بولنے والے، ہر نسل، ہر قبیلہ، ہر قوم کے لوگوں کو ہر دور میں آسانی سے سمجھ میں آنے والا اور عمل کی جانے والا دستورحیات ہے۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ راشدہ خاتون نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے اعظم پورہ میں جاری تعارف اسلام کلاس میں طالبات و خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرد و شخصیت کی تعمیر، افراد و خاندان اور سوسائٹی کی اجتماعی تعمیر و ترقی اس آفاقی و روحانی کتاب قرآن کریم کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے مسلمانوں کو آپسی محبت اور بھائی چارگی و خلوص کے ذریعہ ایک مضبوط امت کی تشکیل کا حکم دیا اور یہ بات واضح اور دوٹوک انداز میں بتلادی کہ مسلمان اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو کس طرح درست کریں۔ پاک اور حلال چیزوں کو انسانیت کیلئے مفید اور ناپاک و حرام چیزوں کو انسانیت کیلئے نقصاندہ قرار دیا۔ قرآن نے پہلی مرتبہ خاندان کو ایک Family as a organised unit منظم اجتماعیت قرار دیا۔ رشتہ داریاں بتلائیں، کچھ رشتوں پر پابندی لگا کر نکاح کو اسلامی سوسائٹی کا لازمی جز قرار دیا۔ یتیموں کے حقوق بتلائے۔ وراثت میں باپ دادا اور خونی رشتوں کی چھوڑی ہوئی جائیدادوں کی تقسیم کا اصول بتلایا۔ معیصت اور تجارت کے معاملات بتائے۔ خانگی آپسی جھگڑوں کی اصلاح اور صلح کا طریقہ سکھایا۔ شراب، زنا اور جوا و سٹے پر پابندی عائد کی گئی۔ طہارت، پاکیزگی، شرم و حیاء، حجاب و پردہ کے احکام دیئے گئے۔ قرآن کریم نے حکومت چلانے کی اجازت دی اور سیاست کو ذاتی، گروہی منفعت اور انسان کی انسانوں پر Supremacy سے منع کیا لیکن انسانوں اور عوام کی آزادی اور چین و سکون کو برباد کرنے والے ان کے حقوق کو ہڑپ کرنے والے فرد، خاندان و گروہ کے مفادات کیلئے قوانین بنانے اور نافذ کرنے سے منع فرمایا۔ قانون بنانے کا حق صرف قرآن نے اپنے ہاتھ میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے حسب و نسب، رنگ و نسل اور مال و دولت، غربت و مفلسی کے نام پر شہریوں کے درجے نہیں بنائے بلکہ شہریوں اور عوام کو تقویٰ و پرہیزگاری کی بنیاد پر اعلیٰ اور قابل و باعزت بنایا۔ قرآن کریم نے سارے انسانوں کو جبر، ظلم و تشدد، بربریت و بیجا تصرف اور کسی بھی قسم کی غلامی اور بندگی سے آزاد کیا اور آخرت میں جوابدہی کے عقیدہ کا فرد، جماعت اور حکومتوں کو احساس دلایا۔ اس کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات کے سنٹرس میں محترمہ زارا خاں، محترمہ جمیلہ بیگم، محترمہ تنویر فاطمہ، ڈاکٹر ذکیہ سلطانہ، محترمہ کبری احمدی، محترمہ تنویر فاطمہ، محترمہ روحی خاں، محترمہ سارہ تبسم، محترمہ عائشہ بیگم، محترمہ حبیبہ بیگم، محترمہ سمیرا بیگم، محترمہ فرحانہ بیگم، محترمہ شمیم فاطمہ اور دیگر کارکنات نے مخاطب کیا۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 66632673 پر ربط کریں۔