قرآن و سنت کی تعلیم کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت

حیدرآباد۔/19مارچ، ( پریس نوٹ ) موجودہ الحاد و بے دینی کے پرآشوب دور میں ملت اسلامیہ آپسی خلفشار اور اختلافات کی وجہ پریشان ہے۔ اس کے انسداد کے لئے مختلف اداروں کی جانب سے اصلاح معاشرہ کی کوششیں جاری ہیں۔ مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری ملتانی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع اور قریہ جات کے نوجوانوں میں جہاں اہل علم کی رسائی کم ہوتی ہے وہاں دینی شعور پیدا کرکے بنیادی دینی تعلیم کو عام کرنے ایک تعلیمی کمیٹی بنائی گئی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ دیہاتوں اور قریہ جات میں نوجوانوں کو دینی معلومات اور بنیادی مسائل سے واقف کروایا جائے اور جو حضرات دینی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن وہ کما حقہ مسائل سے واقف نہیں ان کو بھی تربیت دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی کو کما حقہ ادا کرسکیں۔ اس کے لئے بانی جامعہ نظامیہ حضرت شیخ الاسلام امام حافظ محمد انوار اللہ فاروقی نے ایک کتاب اہل خدمات شرعیہ مرتب کروائی تھی جس میں دینی بنیادی فقہی مسائل نہایت آسان فہم انداز میں بیان کئے گئے ہیں۔

موجودہ ماحول میں اس کتاب کا مطالعہ اور نوجوانوں اور نونہالان امت کو اس کتاب کی تعلیم دلانا نہایت ضروری ہے۔ دعوت اہل سنت و جماعت نے اس کام کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ بانی جامعہ نظامیہ کے صد سالہ عرس شریف کے موقع پر یہ علمی کام کو آگے بڑھانے فارغین جامعہ اور اہل علم کے تعاون کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر بچوں اور نوجوانوں کو دینی بنیادی مسائل کی آگہی کے لئے اہل خدمات شرعیہ کے درس کا اہتمام کریں اور مراکز قائم کرکے اطلاع دیں ت کتب کے علاوہ امامت و خطابت کے امتحان کی فیس بھی دعوت اہل سنت و جماعت مہیا کرے گی۔ نیز علماء و فارغین جامعہ سے خواہش ہے کہ وہ اپنے گاؤں، قصبہ جات جہاں جہاں بھی وہ ہوں اپنے مقام پر دعوت اہل سنت و جماعت کی ذیلی کمیٹی بناکر اس کی اطلاع دیں تاکہ اخبارات میں اس کی اطلاع دی جاسکے۔ کاماریڈی اور نظام آباد میں ذیلی کمیٹیوں کا قیام عمل میں آچکا ہے۔ اسی طرح دیگر مقامات پر بھی کمیٹیوں کا قیام کرکے صد سالہ عرس شریف بانی جامعہ نظامیہ کے موقع پر علمی بیداری کی اس مہم کو آگے بڑھانے اہل علم حضرات کی توجہ کی ضرورت ہے۔ اپنے مقامات پر اہل خدمات شرعیہ کی تعلیم کا آغاز اور امتحانات اہل خدمات شرعیہ میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے نام مولانا قاضی سید لطیف علی قادری معتمد تعلیمی کمیٹی کو فون نمبر 9290661224 اور 989071327 یا ای میل mofaheem@hotmail.com پر اطلاع دیں۔ جامعہ نظامیہ کے امتحانات، اہل خدمات شرعیہ ماہ شعبان میں منعقد ہوں گے۔