قرآن مجید کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت

حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : قرآن مجید کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ کو اپنی بے شمار نعمتوں سے سرفراز کیا ہے جن میں قرآن مجید عظیم نعمت ہے ۔ مسلمان خیر امت ہے ۔ قرآن سے اور صاحب قرآن سے تعلق ہماری سرخروئی کا باعث ہے ۔ قرآن مجید ایک عظیم معجزہ ہے تا قیامت اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی ۔ انسانیت کی تمام مشکلات اور پریشانیوں کا حل قرآن مجید میں ہے ۔ قرآن مجید ھدی للمتقین بھی ہے اور ھدی للناس بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم نے کل جامع مسجد شجاعیہ چارمینار میں منعقدہ مقابلہ قرات بضمن تکمیل پچیس سال سلور جوبلی کے موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پیر نقشبندی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھیں ۔ مقابلہ قرات کا آغاز مولانا قاری عبدالقدیر کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ قاری غلام محمد عامری نے نعت سنائی ۔ مولانا سید شاہ عبید اللہ قادری آصف پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت شجاع الدین نے نگرانی کی اور دعا فرمائی ۔ ابتداء مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری چیف کوآرڈینٹر مقابلہ قرات نے عالمی قرآنی و روحانی مہم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر مولانا سید افتخار الدین ابوالعلائی ، مولانا سید ابراہیم پاشاہ ، مولانا احمد محی الدین زاہد نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ جناب وسیم الہامی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ مقابلہ میں مختلف دینی مدارس و اسکولس کے طلباء کثیر تعداد میں شرکت کی اور فن قرات کا بہترین مظاہرہ پیش کیا ۔ مقابلہ قرات کے نتائج کا متعاقب اعلان کیا جائے گا ۔ آخر میں مولانا قاری سید احمد پاشاہ نے شکریہ ادا کیا ۔۔