قرآن مجید کی تلاوت ہر کامیابی کی کلید

کلبرگی : /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) قرآن مجید کی تلاوت ہر کامیابی کی کنجی ہے اور روحانیت میں اضافہ کا بنیادی ذریعہ ہے ، حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ نے کہا ہے کہ سماع اور تلاوت قرآن مجید میری ہر کامیابی سلوک میں ہر فتح کا سبب ہے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر حضرت سید شاہ گیسودراز خسروحسینی سجادہ نشین درگاہ بندہ نواز ؒ نے مسجد درگاہ بندہ نواز میں منعقدہ سالانہ جلسہ قرائت ونعت سے صدارتی خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ حضرت خسروحسینی نے تلاوت قرآن میں عجلت کر نے والوں پر سخت تنقید کر تے ہو ئے کہا کہ قرآن کی تلاوت کے آداب یہ ہیںکہ اطمینان سے اور ٹھہر ٹھہرکر کی جا ئے حضرت مذکور مدظلہ نے قرآن مجید کے حوالے سے آداب تلاوت پر روشنی ڈالتے ہو ئے کہاکہ تلاوت قرآن کا ایک ادب یہ بھی ہے کہ اس کو زیادہ زور سے نہ پڑھا جا ئے اور نہ با لکل آہستہ پڑھا جا ئے بلکہ درمیانی انداز کی آواز سے تلاوت کی جا ئے ۔ حضرت خسرو حسینی نے فارغ طالبات اور ان کے والدین کو حفظ قرآن کی تکمیل کی مبارکباد پیش کرتے ہو ئے انہیں ہر روز تلاوت جاری رکھنے کی تاکید فرمائی ۔جلسہ کا آغاز محمد صادق مؤذن مسجد ہذا کی قرآ ت کلام پاک سے ہو ا بعد ازاں جناب الیاس صابری نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ابتداء جلسہ کی کارروائی محمد جمیل احمد صدیقی معلم مدرسہ دار العلوم دینیہ نے انجام دی بعد ازاں مولانامفتی سید عبد الرشید نے جلسہ ہذا کی کارروائی سنبھالی ۔ جلسہ قرآت ونعت حسب روایت عمل در آمدجاری رہا اس طرح کہ ایک قاری کی قرآت ہو تی اور ایک نعت خواں کی جانب سے نعت پیش کی جا تی ۔ اس طرح مقامی قرّاء اور نعت خواں کے علاوہ بیرونی مشہور زمانہ قراء اور نعت خواں حضرات نے بھی اس جلسہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جن میں قابل ذکر خطیب مکہ مسجد مولانا حافظ محمد رضوان نے اپنے مخصوص انداز میں سورۃ الرحمن کی تلاوت فرماکر سماں باندھا ۔ دار العلوم دینیہ بارگاہ بندہ نواز ؒ کے فارغ طالبات جنھوں نے حفظ قرآن مجید کی تکمیل کی انھیں سند اور دستار خلعت ان کے سر پرست حضرات کے حوالے کی گئی مولانا مفتی سید عبد الرشید صدر مدرس مدرسہ ہذا نے مدر سہ کی سالانہ تعلیمی رپوٹ پیش کرتے ہو ئے کہا کہ سال گزشتہ مدرسہ ہذا میں جملہ 52طلبہ وطالبات نے امتحانات تجوید وقراء ت ، ونصاب اہل خدمات شرعیہ میں حصہ لیا جن میں ایک دو کے علاوہ بیشتر طلباء نے کامیابی حاصل کی اور ان میںبعض نے نمایاں امتیازی کامیابی حاصل کی مولانا مذکور اپنا سلسلہ ٔ کلام جاری رکھتے ہو ئے کہا امسال مدرسہ ہذا کی ایک علیحدہ تین منزلہ عمارت تقریبا دو کروڑ کی لاگت سے تیار ہو چکی ہے مدرسہ ہذاکی جدیدعمارت میں منتقلی عنقریب عمل میں آئے گی ۔ جلسہ قرآ ت ونعت وتقسیم اسناد نہایت کامیابی سے اختتام پذیر ہو ا جلسہ ہذا میں مقامی وبیرونی زائرین کی کثیر تعداد شریک رہی جن میں قابل ذکر مولا نا حافظ مفتی سید عبدالروف ، مولانا تنویر احمد ، مولانا غلام محمد اشرفی صاحب مولانا حافظ محمد اویس مولانا محمد فضل احمد سہر وردی معلمین مدرسہ ہذ ا، مولانا محسن پاشاہ نقشبندی محبوب نگرکے علاوہ عمائدین شہر مشائخین عظام شامل ہیں ۔