قرآن مجید کا پڑھنا پڑھانا ، سیکھنا سیکھانا عبادت ہے

جماعت اسلامی ہند ملے پلی کے اجتماع سے ڈاکٹر محمد محبوب فرید کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( فیاکس ) : قرآن مجید اللہ کی آخری کتاب ہے ۔ اس کا پڑھنا ، پڑھانا ، سیکھنا سیکھانا اور غور و فکر کرنا عبادت ہے ۔ اس کی تلاوت سے اللہ کی رحمت نازل ہوتی ہے ۔ اور فرشتے غور سے سنتے ہیں ۔ تلاوت قرآن کریم اس امت کی بہترین عبادت ہے ۔ نبی ؐ خود بھی قرآن کی کثرت سے تلاوت فرماتے اور دوسروں سے بھی پڑھا کر سنتے تھے جیسا کہ ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے آپؐ نے قرآن حکیم کی تلاوت سماعت فرمائی تھی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد محبوب فرید ایڈیٹر ماہنامہ شاداب انڈیا نے انجمن گراونڈ ملے پلی میں مرد و خواتین کے اجتماع عام میں درس حدیث کے دوران کیا ۔ جس کا اہتمام جماعت اسلامی ہند محلہ ملے پلی نے کیا تھا ۔ جناب فراز محمد خاں نے آداب زندگی سے تلاوت قرآن کے آداب بہ زبان انگریزی پیش کیا ۔ ڈاکٹر محبوب فرید نے ’ تلاوت قرآن کی فضیلت کا بیان ‘ سے متعلق احادیث کا درس دیتے ہوئے کہا کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا ’ تم میں سے بہتر وہ ہے جو قرآن کا علم حاصل کرے اور دوسروں کو اس کی تعلیم دے ‘ ۔ ڈاکٹر فرید نے کہا کہ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود قرآن کا علم حاصل کرے ۔ تلاوت کے آداب ، مخارج کی ادائیگی ، کس جگہ رکنا اور کس جگہ ملا کر پڑھنا چاہیے اور خوش الحانی پر خاص توجہ دے ۔ قرآن کی تعلیم کسی مستند قاری اور حافظ القرآن سے سیکھی جائے تو بہتر ہے ۔ کیوں کہ یہ زندگی اور آخرت کا توشہ ہے اور قرآن کا علم حاصل کرنے کے بعد اپنی استطاعت کے مطابق اپنے اہل و عیال اور دوسروں کو سکھائے ۔ اللہ کے ہاں اس کا بڑا اجر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس سینے میں قرآن کا کوئی حصہ نہ ہو وہ ویران گھر کی طرح ہے ۔ سینوں کی سرسبزی و شادابی اور نور قرآن مجید سے ہے ۔ اگر مسلمان اللہ کی اس کتاب سے لاپرواہی برتیں گے تو گمراہ ہوجائیں گے کیوں کہ ہدایت کے صرف دو ہی چشمے ہیں قرآن مجید اور سیرت نبیؐ ۔ دعا اور اعلانات کے بعد اجتماع اختتام کو پہنچا ۔۔