قرآن مجید علم و عبادت کا مجموعہ ، فیضان الٰہی کا سرچشمہ

حیدرآباد۔ 28 جون (راست) قرآن مجید علم و عبادت کا مجموعہ ہے۔ قرآن مجید ذکر بھی ہے اور فکر بھی، قرآن قلب انسانی کا نور ہے، یہ دل پر طاری ہوتا ہے اور دل کی دنیا بدل دیتا ہے، قرآن مجید میزان عمل، میزان عدل اور میزان حیات ہے، قرآن مجید برکات و حسنات اور فیضان الٰہی کا ایک لامتناہی سرچشمہ ہے۔ قرآن مجید شفاء ہے اور حکمت و موعظمت کا بہترین سرمایہ ہے۔ قرآن مجید ایک ایسا معظم و متبرک کلام الٰہی ہے کہ اس کے مثل کسی کا کلام نہیں ہوسکتا۔ قرآن مجید میں تمام علوم موجود ہیں لیکن لوگوں کے ذہن ان کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے جو ہماری ہدایت کیلئے اُتاری گئی یہ دستور حیات ہے۔ ان خیالات کا اظہار علماء و مفتیان کرام نے تاریخی مکہ مسجد حیدرآباد میں کل ہند سنی علماء بورڈ کے مرکزی جلسہ یوم القرآن میں کیا۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری شیخ جعفری کی قرأت، کمسن نعت خاں محمد مصعب پاشاہ دانش کی نعت شریف سے ہوا، جبکہ اس جلسہ کی صدارت مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ نے کی۔ ڈاکٹر سید محمد تنویر الدین خدانمائی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ اس نے ہم کو ماہ رمضان المبارک عطا کیا۔ یہ وہ رمضان ہے جس میں نفل پڑھنے سے فرض کا ثواب، فرض ادا کرنے سے ستر درجہ زیادہ ثواب ہے اور روزہ تین چیزیں یعنی کھانے پینے اور جماع سے رُکے رہنے کا نام ہے۔ روزہ نیت کے ساتھ بھوکے رہنے کا نام ہے۔ حضورؐ نے فرمایا اللہ فرماتا ہے کہ روزہ میرے لئے ہے، میں اس کا بدلہ دوں گا۔ پروفیسر تنویر خدانمائی نے مزید کہا کہ روزہ بندے کو خدا کے قریب کرتا ہے۔ رمضان کا چاند نظر آتے ہی مسلمانوں کی روح میں تازہ پیدا ہوتی ہے۔ دن میں روزہ رکھتا ہے اور رات میں تراویح ادا کرتا ہے اور اس میں اللہ کی تسبیحات کرتا ہے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی، مولانا صلاح الدین قادری، مولانا سید زاہد قادری، جناب محمد احمد پاشاہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری نے کہا کہ قرآن مجید اللہ کا کلام ہے جو ہمارے نبی کریمؐ پر نازل ہوا۔ حضورؐ نے فرمایا میری اُمت کی افضل ترین عبادت قرآن مجید کی تلاوت ہے۔ جو لوگ قرآن مجید پر ایمان لاتے ہیں اور عمل کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کو دنیا و آخرت میں رفعت و عزت عطا فرماتا ہے اور جو لوگ قرآن مجید پر عمل نہیں کرتے ان کو اللہ تعالیٰ ذلیل کردیتا ہے۔ مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ نے صدارتی خطاب میں کہا کہ قرآن مجید کا فیضان ان اصحاب یا افراد پر جاری و ساری رہتا ہے جو متقی و پرہیزگار ہوتے ہیں جن کا عمل اخلاص کی بنیاد پر قائم رہتا ہے۔ قرآن مجید ساری دنیا کے افراد کیلئے مشعل راہ ہے جس میں حیات و ممات تک تمام راہیں متعین کردی گئی ہیں۔ قرآن مجید کو سمجھنے کیلئے صاحب قرآن سے محبت لازم و ملزوم ہے۔ قاضی عظمت اللہ جعفری، محمد دستگیر، عبدالکریم نے اس موقع پر نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ دعا و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔